امریکا میں دوران پرواز ہی ننھے مہمان کی آمد

بچے کی پیدائش پر کمپنی انتہائی خوش ہے کیونکہ اس بہانے ہمیں ایک نیا مسافر مل گیا ہے، ترجمان ایئرلائن

جہاز میں جب ننھے مہمان کی آمد کا اعلان کیا گیا تو مسافروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی فوٹو:فائل

امریکا میں اندرون ملک ایک پرواز جب ہوائی اڈے پر اتری تو اس کے مسافروں میں ایک نیا مسافر بھی شامل تھا جو دوران پرواز ہی اس دنیا میں آیا۔


امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق سان فرانسسکو سے فینکس جانے والی نجی ایئرلائن کی پرواز میں ایک حاملہ خاتون بھی سوارتھیں، دوران پرواز ہی خاتون کو درد اٹھا تو طیارے کے پائلٹ نے اعلان کیا کہ اگر طیارے پر کوئی ڈاکٹر ہے تو وہ رابطہ کرے تاہم مسافروں کو اس کے بارے میں کوئی تفصیلات نہیں بتائی گئیں ، کچھ دیر بعد پائلٹ نے جب بچے کی پیدائش کا اعلان کیا تو مسافروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، ماں اور بچے کو طبی امداد کی فراہمی کے لئے طیارے کو اس کی منزل مقصود کے بجائے لاس اینجلس میں ہی اتار لیا گیا، جہاں سے دوسرے طیارے کے ذریعے مسافروں کو فینکس پہنچایا گیا۔

ہوائی کمپنی کی ترجمان کا کہنا ہے کہ زچہ و بچہ دونوں کی حالت خطرے سے باہر ہے اور بچے کی پیدائش پر کمپنی انتہائی خوش ہے کیونکہ اس بہانے انہیں ایک نیا مسافر مل گیا ہے۔
Load Next Story