تیز رفتار گاڑیوں نے 5 افراد کو کچل دیا کرنٹ لگنے سے ایک شخص ہلاک

سائٹ بی کے علاقے میں ٹریلر کی ٹکرسے 2 دوست ہلاک، کورنگی اور سمندری بابا مزار کے قریب گاڑیوں نے 2 نوجوانوں کو روند ڈالا


Staff Reporter December 11, 2014
سائٹ بی کے علاقے میں ٹریلر کی ٹکر سے 2 دوست ہلاک، کورنگی اور سمندری بابا مزار کے قریب گاڑیوں نے 2 نوجوانوں کو روند ڈالا۔ فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں 5 افراد ہلاک ہوگئے،فرنٹیئرکالونی میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔

تفصیلات کے مطابق سائٹ بی کے علاقے شیر شاہ اسٹیٹ ایونیو روڈ اٹلس ہنڈا کمپنی کے سامنے تیز رفتار موٹر سائیکل ٹریلر سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوا ر2 افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے سول اسپتال پہنچایا گیا جہاں دونوں افراد دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئے، سائٹ بی تھانے کے ڈیوٹی آفیسر سب انسپکٹر سیف الملک نے ایکسپریس کو بتایا کہ ہلاک ہونے والوں کی شناخت 28 پھول زیب ولد عالم زیب اور 18 سالہ عبد الصمد ولد شبیر کے نام سے کر لی گئی۔

ہلاک ہونے والے بلدیہ ٹاؤن نمبر ساڑھے چار انجام کالونی کے رہائشی ہے اور ڈینسول ہال کے قریب الیکٹرک مارکیٹ کی ایک دکان میں ملازمت کرتے تھے دونوں دوست گھر سے کام پر جا رہے تھے، پولیس نے ٹریلر کے ڈرائیور شیر حبیب کو گرفتار کر کے ٹریلر کو قبضے میں لے کر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا، کورنگی روڈ پر اختر کالونی سگنل کے قریب نامعلوم تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار38 سالہ رشید احمد ولد محمد حسین ہلاک ہوگیا، متوفی کے بھائی سعید نے ایکسپریس کو بتایا کہ رشید الیاس گوٹھ ملیر کا رہائشی اور ایک بچے کا باپ تھا جبکہ اس کا آبائی تعلق ضلع بہاولپور سے تھا ،متوفی کی ڈیفنس فیز 5 بدر کمرشل پر ویلڈنگ کی دکان ہے۔

متوفی کی والدہ اور بہنیں کیماڑی گلشن سکندر آباد میں رہائش پذیر ہیں ، بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب تقریبا 3 بجے متوفی اپنے والدہ کے گھر سے اپنے گھر جارہا تھا کہ تیز رفتارگاڑی کی زد میں آگیا، متوفی کی نمازجنازہ بدھ کو بعد نماز مغرب الیاس گوٹھ ملیر میں واقع نورانی مسجد میں ادا کی گئی جبکہ میت تدفین کے لیے آبائی گاؤں روانہ کردی گئی،کورنگی کراسنگ ٹوٹل پیٹرول پمپ کے قریب تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے 22 سالہ پریم ساگر ہلاک اور 20 سجن زخمی ہوگیا۔

ہلاک و زخمی ہونے والوں کو جناح اسپتال پہنچایا گیا،متوفی کورنگی کا رہائشی تھا،اسٹیل ٹاؤن کے لنک روڈ سمندری بابا مزار کے قریب تیز رفتارگاڑی کی ٹکر سے 18 سالہ عبد الرؤف ولد ذوالقرنین ہلاک ہوگیا، متوفی کی لاش جناح اسپتال لائی گئی،پولیس کے مطابق متوفی شاہ لطیف ٹاؤن کا رہائشی تھا، فرنٹیر کالونی میٹروول میں بجلی کا کرنٹ لگنے سے 55 سالہ علی ہلاک ہوگیا، متوفی کی لاش عباسی شہید اسپتال لائی گئی جہاں سے موت کی تصدیق کے بعد لاش ورثا پولیس کارروائی کے بغیر لے گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں