ایڈیلیڈ ٹیسٹ برسات میں کینگرو پلیئرز بھی بھارت پر برس پڑے

دکھتی کمر کے ساتھ مائیکل کلارک کی سنچری، اسٹیون اسمتھ162پرناقابل شکست،ٹیم نے7 وکٹ پر 517 رنز بنا لیے


AFP/Sports Desk December 11, 2014
ایڈیلیڈٹیسٹ کے دوسرے دن آسٹریلوی کپتان مائیکل کلارک کریز سے نکل کر جارحانہ اسٹروک کھیل رہے ہیں۔ فوٹو : اے ایف پی

برسات میں 'ہاف فٹ' مائیکل کلارک بھی بھارتی بولرز پر برس پڑے، آسٹریلوی کپتان نے دکھتی کمر کیساتھ کیریئرکی 28 ویں سنچری جڑ دی۔

اسٹیون اسمتھ کے بیٹ نے بھی رکنے کا نام نہیں لیا، بارش کے باعث پورے دن میں وقفے وقفے سے صرف 30.4 اوورز کا ہی کھیل ممکن ہوسکا، میزبان ٹیم نے اپنا اسکور 7 وکٹ پر 517 تک پہنچادیا، انجیکشن کی مدد سے میدان میں دوبارہ اترنے والے کلارک نے 128 کی اننگز کھیلی،کم روشنی کی وجہ سے قبل ازوقت دوسرے دن کا کھیل رکا تو اسمتھ 162پر ناقابل شکست تھے، پورے دن میں مہمان ٹیم کے ہاتھ صرف ایک ہی وکٹ آئی۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان ایڈیلیڈ میں جاری پہلے ٹیسٹ کا دوسرا روز بارش سے شدید متاثر ہوا، آغاز ہی 10 منٹ تاخیر سے کیا گیا جبکہ تین مرتبہ بارش کی وجہ سے کھیل تعطل کا شکار ہوا۔

آخر میں بھی اسے کم روشنی کے باعث قبل از وقت ختم کرنا پڑا، جس کی وجہ سے اب باقی دنوں میں میچ کا آغاز کچھ پہلے ہوا کریگا۔ بدھ کو پورے دن میں صرف 30.4 اوورز کا کھیل ہی ممکن ہوسکا،اس میں آسٹریلیا نے اپنے گذشتہ روز کے اسکور 354 میں مزید 163 رنز کا اضافہ کیا، بھارت کے ہاتھ صرف ایک وکٹ آئی۔ پہلے دن کمر کی تکلیف میں مبتلا ہونے کی وجہ سے 60 رنز پر پویلین لوٹ جانے والے کلارک انجیکشن لگوا کر میدان میں اترے، شروع میں تو انھیں چلنے میں بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا تھا اس لیے ایک ہی اینڈ پر کھڑے رہتے ہوئے چوکوں کی مدد سے اسکور کو آگے بڑھانا چاہا۔

تاہم آہستہ آہستہ تکلیف کم ہونے لگی تو آخر میں 2 رنز بھی لیتے ہوئے دکھائی دیے۔ ہاف فٹ کلارک بھی بھارتی بولنگ لائن پر کافی بھاری پڑے، مہمان بولرز ابر آلود کنڈیشنز سے بھی کوئی فائدہ نہیں حاصل کرپائے، تقریباً تمام کو ہی مشکل کا سامنا رہا۔ کلارک نے کیریئر کی 28 ویں سنچری مکمل کرنے کے بعد اپنے دوست ہیوز کی موت کے باعث جشن نہیں منایا۔ انھوں نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 163 رنز جوڑے۔ اسمتھ نے بھی عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی پانچویں سنچری مکمل کی، وہ سیدھا 408 کے ہندسے پر گئے جو فیلڈ میں ہی ہیوز کے ٹیسٹ کیپ نمبر کی مناسبت سے لکھا ہوا ہے، وہاں پر انھوں نے آسمان کی جانب سر اٹھاکر دیکھا اور پھر واپس لوٹ آئے۔

اس بار انکی بیٹنگ میں زیادہ شدت دکھائی دی۔ دن کے اختتامی اوور میں کلارک نے کرن شرما کو سوئپ کرنے کی کوشش کی مگر اسکوائر لیگ پر پجارا کے ہاتھوں کیچ ہوگئے، انھوں نے 18 چوکوں کی مدد سے128 رنز بنائے۔ جب کھیل ختم ہوا تو اسمتھ نے 231 بالز پر 162 رنز بنالیے تھے، دوسرے اینڈ پر جونسن 15 رنز پر کھیل موجود ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں