امریکا نے بگرام جیل میں قائم بدنام زمانہ حراستی مرکز بند کر دیا

اب افغانستان میں کوئی بھی قیدی امریکیوں کی حراست میں نہیں ہے، امریکی محکمہ دفاع


ویب ڈیسک December 11, 2014
بگرام جیل میں قائم امریکا کا حراستی مرکر قیدیوں پر تشدد کے لئے بدنام تھا. فوٹو؛ فائل

MUMBAI: امریکی سینیٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کی رپورٹ منظر عام پر آنے کے ایک روز بعد ہی افغانستان کے صوبے پروان کی بگرام جیل میں قائم بدنام زمانہ حراستی مرکز بند کر دیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا نے بگرام جیل میں زیر حراست آخری 3 قیدیوں کو افغان حکام کے حوالے کر کے بدنام زمانہ حراستی مرکز بند کر دیا ہے۔ 2 قیدیوں کا تعلق تیونس سے ہے جس میں سے ایک رہدہ النجار کو 2002 میں حراست میں لیا گیا تھا اور جس کے بارے میں شبہ تھا کہ القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کا سیکیورٹی گارڈ تھا۔

بگرام جیل میں قائم امریکا کا حراستی مرکر قیدیوں پر تشدد کے لئے بدنام تھا، امریکی سینٹ کی انٹیلی جنس کمیٹی کی حالیہ رپورٹ میں بھی اس حراستی مرکز کا ذکر کیا گیا تھا اور کہا گیا تھا کہ یہاں قیدیوں پر تشدد کیا جاتا رہا ہے۔ امریکی محکمہ دفاع نے اس حراستی مرکز کو بند کرنے کی تصدیق کر تے ہوئے کہا ہے کہ یہ مرکز 10 دسمبر کو بند کر دیا گیا ہے اور اب افغانستان میں کوئی بھی قیدی امریکیوں کی حراست میں نہیں ہے۔

واضح رہے کہ امریکا نے ستمبر 2001 میں افغانستان پر حملے کے بعد بگرام میں اپنا حراستی مرکز قائم کیا تھا جس میں سی آئی اے کی جانب سے زیر حراست ملزمان پر بیہمانہ تشدد کیا جاتا تھا جو انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔ اس حراستی مرکز میں ڈاکٹر عافیہ سمیت بہت سے پاکستانی شہری بھی قید رہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں