روس کے تعاون سے بھارت مزید 10 نیوکلئیرری ایکٹرز تعمیر کرے گا

بھارت اور روس کے درمیان دفاع، تجارت اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں 16 نئے معاہدے کئے گئے


ویب ڈیسک December 11, 2014
روس کی جانب سے بھارت میں جدید ہیلی کاپٹر اورجنگی سازوسامان بنانے کی فیکٹری بھی قائم کی جائے گی۔ فوٹو؛ اے ایف پی

بھارت اور روس کے درمیان دفاع، تجارت اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں 16 نئے معاہدے کئے گئے ہیں جس کے مطابق روس کے تعاون سے بھارت میں مزید 10 نیوکلئیرری ایکٹرز تعمیر کئے جائیں گے۔


غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دورہ بھارت پر آئے روسی صدر ولادی میرپیوٹن اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے درمیان طویل ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے دفاع، تجارت اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان 16 معاہدوں پر اتفاق کیا گیا جس میں روس کی جانب سے بھارت میں جدید ہیلی کاپٹربنانے سمیت جنگی ساز و سامان بنانے کی فیکٹری قائم کرنے کا بھی معاہدہ شامل ہے۔


روسی صدر کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نریندری مودی کا کہنا تھا کہ روس کے تعاون سے بھارت میں مزید 10 نئے ایٹمی ری ایکٹرز تعمیر کئے جائیں گے جب کہ اس سے قبل 2008 اور 2010 کے معاہدوں کی روشنی میں روس جنوبی علاقے کودن کولام میں دو ایٹمی ری ایکٹرز قائم کرچکا ہے اور نئے ری ایکٹرز کی تعمیر کے بعد روس اور بھارت کے درمیان دفاع کے شعبے میں مزید تعلقات مضبوط ہوں گے۔


واضح رہے کہ وزیراعظم نریندر مودی کے اقتدار میں آنے کے بعد روسی صدر کا یہ پہلا دورہ بھارت ہے جب کہ ان دنوں روس کو یوکرین کے معاملے پر امریکا اور یورپی یونین کی جانب سے پابندیوں کا سامنا ہے اور اسی پابندیوں کے نتیجے میں اسے جی 8 ممالک کی فہرست سے بھی نکال دیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں