کراچی والے اس نظام سے خوش ہیں تو آج دکانیں کھول لیں لیکن ہم شہر کی سڑکیں بند کریں گے عمران خان

اگر فیصل آباد جیسا سلوک لاہور میں ہوا تو نوازشریف کا وہاں رہنا مشکل ہوجائے گا، چیرمین تحریک انصاف

رانا ثنااللہ کے تمام غنڈوں کی تصاویر کل پریس کانفرنس میں دکھائیں گے، فوٹو؛فائل

چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ کراچی والے اس نظام سے خوش ہیں تو آج دکانیں کھول لیں لیکن ہم شہر کی سڑکیں بند کریں گے اور اگر فیصل آباد جیسا سلوک لاہور میں ہوا تو نوازشریف کا وہاں رہنا مشکل ہوجائے گا۔


اسلام آباد کے ڈی چوک پر دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہم آج چار ماہ پہلے سے زیادہ طاقتور ہوچکے ہیں کیونکہ جب ہم دھرنے کے لیے نکلے تھے تو (ن) لیگ کے گلو بٹوں نے ہمیں برگر کراؤڈ کہا تھا کیونکہ یہ لوگ شریف انسان کو بے وقوف اور برگر کراؤڈ سمجھتے ہیں جب کہ یہ لوگ کرپشن اور صرف پیسہ بنانے آتے ہیں۔ انہوں نےکہا کہ حمزہ شہباز نے فیصل آباد میں ہماری ٹانگیں توڑنے کا کہا جب کہ رانا ثنااللہ نے اپنے غنڈوں کے ساتھ مل کر ہمیں سبق سکھانے کا پلان بنایا اور ان لوگوں سوچا کہ ہم ڈر کر بھاگ جائیں گے، ہم رانا ثنااللہ کے تمام غنڈوں کی تصاویر کل پریس کانفرنس میں دکھائیں گے اور بتائیں گے کہ کس طرح فیصل آباد میں ہمارے پر امن احتجاج پر دھاوا بولا گیا۔

عمران خان نےکہا کہ فیصل آباد میں ہمارے لوگوں پر فائرنگ کی گئی اور ڈنڈے برسائے گئے، حکومت سمجھتی تھی کہ ہم ڈر جائیں گے لیکن اب (ن) لیگ کو واضح پیغام دینا چاہتا ہوں کہ اگر فیصل آباد جیسا سلوک لاہور میں ہوا تو نوازشریف کا وہاں رہنا مشکل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم کراچی میں احتجاج کریں گے اور وہاں زبردستی دکانیں بند نہیں کرائیں گے اگر کراچی والے اس نظام سے خوش ہیں تو دکانیں کھول لیں لیکن ہم شہر بھر کی سڑکوں کو بند کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی اور لاہور سمیت کسی شہر کو بند کرنا نہیں چاہتے لیکن جب تک انصاف نہیں ملتا دھرنا بھی ختم نہیں کریں گے۔
Load Next Story