کراچی میں احتجاج کرنا عمران خان کا جمہوری حق ہے الطاف حسین

عمران خان کراچی میں خوشی سے احتجاج کریں لیکن میری اپیل ہے کہ وہ اپنے احتجاج کو پرامن رکھیں، قائد متحدہ قومی موومنٹ

پاکستان کے کسی بھی شہر میں پر امن جلسہ، جلوس اور مظاہرہ کرنا ہر سیاسی و مذہبی جماعتوں سمیت ہرشہری کا جمہوری حق ہے،عمران خان فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ شہر قائد میں جلسہ، جلوس اور دھرنا دینا عمران خان کا آئینی اور جمہوری حق ہے لیکن وہ اپنے احتجاج کو پرامن رکھیں۔


لندن سے جاری اپنے ایک بیان میں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا تھا کہ اپنے مؤقف کے حق میں پاکستان کے کسی بھی شہر میں پر امن جلسہ، جلوس اور مظاہرہ کرنا تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سمیت ہرشہری کا جمہوری حق ہے، کراچی میں مظاہرہ کرنا عمران خان اور ان کی جماعت کا سیاسی، جمہوری اور آئینی حق ہے اور ایم کیوایم ان کے اس حق کا احترام کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کراچی میں خوشی سے احتجاج کریں لیکن میری اپیل ہے کہ وہ اپنے احتجاج کو پرامن رکھیں اور تحریک انصاف کے پرامن احتجاج پر کسی جماعت کو اعتراض نہیں ہوگا۔
Load Next Story