کراچی میں تحریک انصاف کے دھرنوں کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا

تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر اسکول اور دفاتر میں حاضری معمول سے کم رہی


ویب ڈیسک December 12, 2014
تحریک انصاف کی جانب سے شہر کے داخلی و خارجی راستوں سمیت 25 مقامات پر دھرنے دیئے گئے۔ فوٹو؛ ایکسپریس

SUKKUR: تحریک انصاف کی جانب سے پلان سی کے تحت انتخابی دھاندلی کے خلاف شہر کے داخلی اور خارجی راستوں سمیت 2 درجن سے زائد مقامات پر دھرنے دیئے گئے جس کے باعث شہر کی مختلف شاہراہیں بند ہوگئیں اور ٹریفک کا نظام درہم برہم ہونے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کا اپنا مطالبہ پورا نہ ہونے کے باعث شہر کے 25 چھوٹے بڑے مقامات پر دھرنے دیئے گئے جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا جب کہ پبلک ٹرانسپورٹ سڑکوں پر نہ ہونے کے باعث اسکول، کالجز اور دفاتر جانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تحریک انصاف کی جانب سے شارع فیصل، اسٹار گیٹ، حسن اسکوائر، تین تلوار، مائی کولاچی روڈ، سپر ہائی وے اور نیشنل ہائی وے سمیت شہر کے مختلف مقامات پر دھرنے دیئے گئے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا اور شہری گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ۔

تحریک انصاف کے کارکنوں نے جمعہ کو ہی رات گئے سے شہر کی مختلف سڑکوں کو ٹائر جلا کر بلاک کردیا جبکہ صبح کے اوقات میں کارکنان کی بڑی تعداد پلان کے تحت شہر کےمختلف مقامات پر دھرنوں کے لیے پہنچ گئی اور شاہراہوں کو بلاک کردیا، کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے پیٹرول پمپ بھی بند کردیئے گئے جس سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

کراچی میں تحریک انصاف کے احتجاج میں خواتین اور بچوں کی بھی بڑی تعداد شامل تھی جنہوں نے پارٹی پرچم اٹھا رکھے تھے جبکہ کارکنان اس دوران حکومت مخالف نعرے بازی بھی کرتے رہے،کارکنان ریلی کی صورت میں شہر کے مختلف علاقوں میں احتجاج کرتے رہے جبکہ اس دوران شہر میں کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ کراچی میں تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر اسکول اور دفاتر میں حاضری معمول سے کم رہی جبکہ شہر کی سڑکوں پر ٹریفک بھی انتہائی کم تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں