انٹیلی جنس ایجنسیوں کے درمیان رابطے کو مزید مربوط بنایا جائے آرمی چیف کی ہدایت

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی سربراہی میں جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں 177ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی


ویب ڈیسک December 12, 2014
انٹیلی جنس ایجنسیاں رابطے کو مزید مربوط بنائیں تاکہ دہشت گردوں کے خلاف زیادہ سے زیادہ بہتر نتائج حاصل کیے جاسکیں، آرمی چیف کی ہدایت فوٹو:آئی ایس پی آر

KARACHI: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ہدایت کی کہ آپریشن ضرب عضب کے دوران دہشت گردوں کی جوابی کارروائیوں کے لئے پہلے سے زیادہ موثر حکمت عملی تیار کی جائے اوراس کے لئے تمام انٹیلی جنس ایجنسیوں کے درمیان رابطے کو مزید موثر اور مربوط بنایا جائے۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی سربراہی میں جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں 177ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں کور کمانڈرز اور تمام پرنسپل اسٹاف افسران نے شرکت کی، کانفرنس میں آرمی چیف نے اعلیٰ عسکری حکام کو اپنے طویل دورہ امریکا کے دوران امریکی عسکری و سیاسی قیادت سے ہونے والی ملاقاتوں اور مختلف امور پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

اجلاس میں ملک کی مجموعی سیکیورٹی کی صورت حال کے علاوہ شمالی وزیرستان اور خیبر ایجنسی میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ آرمی چیف نے متاثرین کی بحالی کے لیے مرکزی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان منظم اور مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیا تاکہ متاثرین کی باعزت اور محفوظ واپسی کواولیت دیتے ہوئے یقینی بنایا جاسکے۔

اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کے ساتھ جاری رہنے پر اپنے مکمل اعتماد اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اب تک حاصل کئے گئے نتائج کو سراہا۔ آرمی چیف نے ہدایت کی کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کی جانب سے جوابی کارروائیوں کے لیے پہلے سے زیادہ مؤثر حکمت عملی تیار کی جائے اوراس کے لئے تمام انٹیلی جنس ایجنسیوں کے درمیان رابطے کو مزید مربوط بنایا جائے تاکہ دہشت گردوں کے خلاف زیادہ سے زیادہ بہتر نتائج حاصل کیے جاسکیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں