وزیراعظم کا بجلی کی قیمت میں 2 روپے 32 پیسے فی یونٹ کمی کا اعلان

دھرنوں کی وجہ سے چین کی جانب سے کی جانے والی سرمایہ کاری اثرانداز ہوئی اور سرمایہ کار پیسہ لگانے کو تیار نہیں،نوازشریف


ویب ڈیسک December 12, 2014
حکومت پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا ارادہ رکھتی ہے،وزیراعظم فوٹو:آن لائن

ISLAMABAD:

وزیراعظم نواز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد اب بجلی کی قیمت میں 2 روپے 32 پیسے فی یونٹ کمی کا بھی اعلان کردیا جب کہ ایک بار پھر ڈیزل اور پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کرنے کی بھی نوید سنا دی۔


گورنرہاؤس پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینا چاہتی ہے، سستی بجلی سے مہنگائی کم ہوگی جس کے بعد ملک میں برآمدات بڑھیں گی، اگرملک میں دھرنے نہ ہوتے تو بجلی کے پیداواری یونٹس قائم کرچکے ہوتے تاہم دھرنوں کے سائے کے باوجود حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرتی رہے گی اور ایک مرتبہ پھر حکومت پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا ارادہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے محکمے میں چوری کرنے اور کرانے والے موجود ہیں جب کہ بجلی کی ٹرانس مشن اورڈسٹری بیوشن سسٹم میں بہتری لانےکی اشد ضرورت ہے تاہم قیمتوں میں کمی کےمعاملےکی نگرانی کےلیےکابینہ کی کمیٹی بنادی ہے اور خود اس کمیٹی کا سربراہ ہونے کے ناطے اس کی نگرانی کروں گا۔


وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ مجھ سے کراچی کے احتجاج کا نہ پوچھیں بلکہ ملکی ترقی کے لئے جاری منصوبوں کا پوچھیں، موجودہ حکومت ڈالر کی قیمت 98 روپے تک لے آئی تھی لیکن دھرنوں کے باعث ایک مرتبہ پھر ڈالر 103 روپے تک پہنچ چکا ہے جب کہ دھرنوں کی سیاست کی وجہ سے چین کی جانب سے کی جانے والی سرمایہ کاری متاثرہوئی اور سرمایہ کار پیسہ لگانے کو تیار نہیں، نیا پاکستان خیبرپختونخوا میں بنتا نظر آنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں نئی سڑکیں بننے اور فیکٹریاں لگنے سے بیروزگاری کا خاتمہ ہوگا اور حکومت بجلی اور گیس کی کمی کا خاتمہ کر کے دکھائے گی، ترقی کے پہلے مرحلے میں ایران سے لی گئی گیس بلوچستان اور بالائی علاقوں میں خوشحالی لائے گی جس کے بعد ایل این جی اور گیس کے ذریعے بجلی گھر لگائیں گے اور اسی طرح کراچی لاہور موٹر وے کا بھی بہت جلد آغاز کردیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |