تحریک انصاف نے فیصل آباد سے ’’مارویا مرجاؤ‘‘ کی پالیسی شروع کی عابد شیر علی

احتجاج ہر ایک کا آئینی اور قانونی حق ہے لیکن شہروں پر یلغار کرنا جمہوریت نہیں، وزیرمملکت برائے پانی و بجلی


ویب ڈیسک December 12, 2014
حکومت انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے لئے تیار ہے، عابد شیر علی فوٹو: فائل

وزیرمملکت برائے پانی و بجلی عابد شیرعلی کا کہنا ہے کہ کہ ہم پر گلو کریسی کی چھاپ لگانے کی سازش کی جارہی ہے درحقیقت تحریک انصاف نے فیصل آباد سے مارو یا مرجاؤ اور جلاؤ گھیراؤ کی پالیسی شروع کی۔

فیصل آباد کے تھانہ سمن آباد میں وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی حق نواز قتل کیس میں تفتیش کے لئے پیش ہوئے، اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے عابد شیرعلی کا کہنا تھا کہ احتجاج ہر ایک کا آئینی اور قانونی حق ہے لیکن شہروں پر یلغار کرنا جمہوریت نہیں، تحریک انصاف کو چاہیے کہ وہ اپنا معاملہ متعلقہ اداروں کے سامنے رکھے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کے لئے تیار ہے اس سلسلے میں وزیر اعظم بارہا کہہ چکے ہیں، ہم نے کسی ایک کارکن کو بھی تحریک انصاف کے خلاف نہیں اکسایا جب کہ فیصل آباد مسلم لیگ (ن) کا گڑھ ہےاور یہاں کے باسی اپنے قائدین کے خلاف 3 ماہ سے زہر فشانی سن رہے تھے، تحریک انصاف نے مرنے مارنے اور جلاؤ گھیراؤ کی پالیسی شروع کی جس کے نتیجے میں کارکنوں کا ردعمل بھی سامنے آیا تاہم وہ فائرنگ میں ملوث کسی بھی شخص کو نہیں جانتے۔

عابد شیرعلی کا کہنا تھا کہ 8 دسمبر کو تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران پورے فیصل آباد میں ماحول پرامن تھا،صرف ناولٹی چوک پر گڑ بڑ ہوئی جہاں بدقسمتی سے وہ واقعہ رونما ہوا جو نہیں ہونا چاہیے تھا، وہ اس واقعے میں جاں بحق ہونے والے حق نواز کے اہل خانہ سے دکھ کا اظہار کرتے ہیں، لوگ تو احتجاج کے بعد اپنے اپنے محلوں میں چلے گئے لیکن حق نواز کا گھر آج بھی سوگوار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں پارٹی کے قائدین کی انتہائی سخت ہدایات ہیں کہ قانون کی بالادستی ہونی چاہئے، وہ جس طرح حق نواز قتل کیس میں پیش ہوئے ہیں اسی طرح سانحہ ماڈل ٹاؤن میں بھی پیش ہونے کے لئے تیار ہیں تاہم اس معاملے میں جے آئی ٹی انہپیں جب بھی طلب کرے گی وہ ضرور جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں