بجلی کے نرخوں میں کمی کا اعلان

وزیر اعظم نے یقین دلایا کہ اپنے دور حکومت میں بجلی کے اس بحران پر قابو پالیں گے۔

حکومت نے تیل کی قیمتوں میں خاصی کمی کی ہے، اگر پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں مزید کمی کی جاتی ہے تو یہ یقینا ایک بڑا ریلیف ہو گا۔ فوٹو: فائل

وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے بجلی کے نرخوں میں 2 روپے 32 پیسے فی یونٹ کمی کا اعلان کیا ہے۔ گزشتہ روز گورنر ہاوس پشاور میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے کہا ہے کہ وسائل کی کمی کے باوجود عوام کو ریلیف دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے، عوام کو ریلیف دینے کے لیے ہم ہر قسم کی مشکلات برداشت کرنے کے لیے تیار ہیں۔


انھوں نے رواں ماہ کے آخر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی نوید بھی سنائی۔ وزیر اعظم نے یقین دلایا کہ اپنے دور حکومت میں بجلی کے اس بحران پر قابو پالیں گے نیز اگر دھرنوں اور احتجاج کی سیاست نہ ہوتی تو اب تک یہ کارخانے لگ بھی رہے ہوتے۔ سستی بجلی کی وجہ سے ہی مہنگائی میں کمی آئے گی۔ ایک سوال پر وزیراعظم میں محمد نواز شریف نے کہا کہ دھرنا سیاست نے ہماری مشکلات میں مزید اضافہ کردیا۔ ادھر اسٹیٹ بینک نے انکشاف کیا ہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے بجلی پر دی جانے والی سبسڈی کا غریب طبقے کو فائدہ نہ ہونے کے برابر ہے۔ بجلی کے نرخوں میں پہلی بار خاطرخواہ کمی کی گئی۔ اس سے عوام وخواص سب کو فائدہ پہنچے گا۔

حکومت نے تیل کی قیمتوں میں خاصی کمی کی ہے، اگر پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں مزید کمی کی جاتی ہے تو یہ یقینا ایک بڑا ریلیف ہو گا۔ ملک میں حالیہ مہنگائی کی ایک وجہ توانائی کے نرخوں میں ہوشربا اضافہ ہے۔ توانائی کے ذرائع جتنے سستے ہوں گے، ملکی معیشت اتنی بہتر ہو گی۔ معیشت میں بہتری آئے گی تو روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے جس سے غربت میں کمی آئے گی۔ حکومت نے مالی مشکلات کے باوجود بجلی اور تیل کے نرخوں میں کمی کر کے معیشت کو بہتر کرنے کے لیے درست سمت میں قدم اٹھایا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ توانائی کے ذرائع کی قیمتوں کو طویل المدتی بنیادوں پر کم کیا جانا چاہیے تاکہ ملکی معیشت کے تمام شعبے یکساں رفتار سے ترقی کر سکیں۔
Load Next Story