چیمپئنز ٹرافی میں شکست پر بھارت پاکستان کیخلاف اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا

کھلاڑیوں نے کوئی ایسا کام نہیں کیا جس پر ہم بھارت سے معافی مانگیں، سیکرٹری پی ایچ ایف رانا مجاہد


ویب ڈیسک December 14, 2014
انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے قوانین کے مطابق جیت کے بعد 40 منٹ تک کھلاڑی گراؤنڈ میں جشن منا سکتے ہیں، رانا مجاہد۔ فوٹو؛ ہاکی انڈیا

KARACHI: چیمپنز ٹرافی ہاکی کے سیمی فائنل میں بھارت کو پاکستان کے ہاتھوں شکست ہضم نہ ہوئی اور اپنی شکست کا بدلہ لینے کے لئے کھسیانی بلی کھمبا نوچے کی طرح شکایت لے کر انٹر نیشنل ہاکی فیڈریشن پہنچ گیا۔

بھارت کے شہر بھونیشور میں جاری چیمپئنز ٹرافی ہاکی کے سیمی فائنل میں جب پاکستانی کھلاڑیوں نے بھارتی سورماؤں کو ان ہی کے گھر میں دھول چٹائی تو ایسا محسوس ہوا کہ جیسے شائقین کو سانپ سونگھ گئے ہوں اور جب شاہینوں نے یادگار فتح کا جشن شرٹس اتار کر منایا تو بھارتی میڈیا اور ہاکی فیڈریشن کو یہ بات ایک نہ بھائی اور پاکستان کی خوشی کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دے کر فورا انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن میں شکایت درج کرادی تاہم آئی ایچ ایف نے پاکستانی کھلاڑیوں کے فتح کے جشن کو قانونی قرار دیتے ہوئے کسی قسم کا ایکشن لینے سے انکار کر دیا۔ آئی ایچ ایف نے پاکستان ہاکی فیڈریشن سے کہا ہے کہ چیمیئنز ٹرافی کے فائنل میں تمام کھلاڑی کھیلنے کے اہل ہوں گے تاہم آئی ایچ ایف نے 3 کھلاڑیوں شفقت رسول، محمد توثیق اور امجد حسین کو انکوائری کے لئے طلب کرلیا ہے۔

بھارت کی ہاکی فیڈریشن کے سربراہ کا کہنا تھا کہ جیت کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی جس پر انھیں غیر مشروط معافی مانگنی ہوگی، انھوں نے اے ایچ ایف سے بھی پاکستان کے خلاف ایکش لینے کا مطالبہ کیا۔ دوسری جانب پاکستان ہاکی ٹیم کے کوچ شہناز شیخ کا کہنا ہے کہ جیت کے بعد بھارتی شائقین اور میڈیا کا ہمارے ساتھ برتاؤ بالکل بھی اچھا نہیں تھا، اگر بھارت کا رویہ ایسا ہی رہا تو انہیں ہاکی کے ایونٹ کرانے کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا مجاہد کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں نے کوئی ایسا کام نہیں کیا جس پر ہم بھارت سے معافی مانگیں، ہمیں کھیل کا جائزہ لینا چاہیئے اور ہم نے بھارت کے ہاکی حکام سے بھی کہا ہے کہ اگر بھارت کے پاس ہمارے کھلاڑیوں کے خلاف شواہد موجود ہیں تو فراہم کریں، ہم اپنے کھلاڑیوں کو تنبیہہ کریں گے تاکہ آئندہ ایسا نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے قوانین کے مطابق جیت کے بعد 40 منٹ تک کھلاڑی گراؤنڈ میں جشن منا سکتے ہیں اور یہ صرف ہاکی میں نہیں ہوتا بلکہ دنیا کے ہر کھیل میں اہم میچ جیتنے کے بعد کھلاڑی فتح کا جشن مناتے ہیں۔ اگر بھارت ہاکی کے انٹر نیشنل ایونٹس کرانے سے معذرت کرتا ہے تو ہم وہ تمام ایونٹس پاکستان میں کرانے کے لئے تیار ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے بھارت کو اسی کی سرزمین پر چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں 3 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دی تھی جو بھارت کے ہاکی آفیشلز، میڈیا اور شائقین کو ایک نظر بھی نہ بھائی اور بھارتی حکام نے میچ کے بعد ہونے والی پریس کانفرنس میں پاکستانی حکام کے ساتھ بدتمیزی کی اور پریس کانفرنس کا بھی بائیکاٹ کردیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔