پنجاب حکومت نے لاہور میں گلو بٹوں کو چھوڑا تو کارکن بھی لڑنے کو تیار ہیںعمران خان

چاہتے ہیں کہ عوامی مینڈیٹ چوری کرنے والوں کوانصاف کے کٹہرے میں لایا جائے اورانہیں عبرتناک سزادی جائے، چیرمین پی ٹی آئی


ویب ڈیسک December 14, 2014
اگر حکومت نے جوڈیشل کمیشن بنادیا تو ملک بند کرنے کی کال واپس لے لیں گے، عمران خان فوٹو: وسیم نذیر/ ایکسپریس

چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے پنجاب حکومت کو متنبہ کیا کہ اگر لاہور میں مظاہرین پر گلو بٹوں کو چھوڑا گیا تو کارکن لڑنے کو تیار ہیں اور کسی بھی حرکت کا بھرپور جواب دیا جائے گا تاہم اگر حکومت نے جوڈیشل کمیشن بنادیا تو ملک بند کرنے کی کال واپس لے لیں گے۔


بنی گالہ میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ لاہور کے عوام کل کا احتجاج کامیاب بنانے میں ساتھ دیں اور تاجروں سے اپیل ہے کہ ایک دن کی قربانی دیں، ہوسکتا ہے کہ ایک دن کی قربانی سے ملک میں حقیقی تبدیلی دکھائی دے۔ انہوں نے پنجاب حکومت کو متنبہ کیا کہ اگر کل لاہور میں مظاہرین پر گلو بٹوں کو چھوڑا گیا تو کارکن لڑنے کو تیار ہیں اور کسی بھی حرکت کا بھرپور جواب دیا جائے گا، ہم نے چار حلقوں میں دھاندلی کو چیلنج کیا جن کے نتائج آنا شروع ہوگئے ہیں اگر حکومت چاہتی تو ایک ہفتے میں سب کچھ سامنے آجاتا لیکن اس عمل میں ڈیڑھ سال لگ گیا اور اب کسی کو شک نہیں ہونا چاہیئے کہ حکومت اب دھاندلی چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔


عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف ملک میں دوبارہ انتخابات کرانے کے لئے کوششیں نہیں کررہی بلکہ چاہتے ہیں کہ انتخابات 2013 کے دوران عوامی مینڈیٹ چوری کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے اور انہیں عبرت ناک سزا دی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابی دھاندلی کے حوالے سے حکومت کو چار حلقے کھولنے کا کہا اور ان چار حلقوں سے میں وزیراعظم نہیں بن جاتا تاہم حکومت نے دھاندلی چھپانے کے لئے سرد مہری کا مظاہرہ کیا جسے جلد اس کے کئے کی سزا ملے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔