حق پرست ارکان اسمبلی فوری طور پر اپنی اصلاح کرلیں قائد ایم کیو ایم الطاف حسین

حق پرست ارکان نہ توعوام کےدرمیان دیکھےجاتےہیں اورنہ ہی ان کےمسائل سنتےنظرآتے ہیں لیکن مراعات حاصل کررہے ہیں،الطاف حسین


ویب ڈیسک December 14, 2014
جو بھی زمینوں کے ہیر پھیر اور قبضہ سازی میں ملوث پایا جائے اس سے گورنرسندھ قانون کے مطابق نمٹیں، قائد ایم کیو ایم، الطاف حسین فوٹو: فائل

ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ حق پرست اراکین اسمبلی فوری طور پر اپنی اصلاح کرلیں ورنہ گیہوں کے ساتھ گھن بھی پستا ہے اور پھر سینیٹرز اور اراکین اسمبلیوں کو ایک ساتھ استعفے دینے پڑیں گے۔

خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیز آباد میں ایم کیو ایم کے سیکٹر اور یونٹس انچارجز سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ مجھے یہ اطلاعات ملی ہیں کہ پارٹی کے کچھ بڑے لوگوں کے ساتھ پرانے سیکٹر اور یونٹ کمیٹیوں کے لوگ زمینوں کے بالواسطہ یا بلاواسطہ قبضوں میں ملوث ہیں اور قبضہ سازی کرنے والے گروہوں کو پولیس اہلکاروں اور ایک طاقتور خفیہ ایجنسیوں کے لوگوں کی حمایت بھی حاصل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یہ بھی اطلاعات ملی ہیں کہ حق پرست ارکان قومی اسمبلی، صوبائی اسمبلی اور سینیٹرز کو ٹاؤنز کی جانب سے گاڑیاں اور دیگر مراعات ملی ہوئی ہیں اور وہ پیٹرول بھی مفت حاصل کررہے ہیں لیکن علاقے میں عوام کے درمیان وہ کہیں دیکھے نہیں جاتے اور نہ ہی عوام کے مسائل سنتے نظر آتے ہیں۔

قائد ایم کیوایم الطاف حسین نے حق پرست اراکین اسمبلیوں کو متنبہ کیا کہ ایسے تمام لوگ فوری طور پر اپنی اصلاح کرلیں ورنہ گیہوں کے ساتھ گھن بھی پستا ہے اور پھر سینیٹ سے لے کر صوبائی اسمبلی بشمول قومی اسمبلی ایک ساتھ سب کو استعفے دینے پڑیں گے، انہوں نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان سے کہا کہ جو بھی زمینوں کے ہیر پھیر اور قبضہ سازی میں ملوث پایا جائے ان سے قانون کے مطابق نمٹا جائے اور اگر ایم کیو ایم کے پرانے یا نئے جو لوگ بھی زمینوں پر قبضے کے گھناؤنے اور غیر قانونی کاروبار اور قبضہ سازی میں ملوث ہیں انہیں ایم کیو ایم سے تحریکی وابستگی کی خاطر قطعی معاف نہ کیا جائے خواہ اس میں آپ خود اور الطاف حسین کے بھائی ہی کیوں شامل نہ ہوں اور ایسے تمام لوگوں سے قانون کے مطابق نمٹا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔