پاکستان میں نایاب عقابوں کے برآمدی پرمٹ جاری جی ایس پی پلس خطرے میں پڑگیا

وزیراعظم نوازشریف کی منظوری سے پرمٹ سعودی عرب، یواے ای اور بحرین کے شاہی خاندان کے اراکین کیلئے جاری کیے گئے


INP December 15, 2014
پرمٹ کا اجرا عالمی برادری سے وعدوں کی خلاف ورزی ہے، رپورٹ۔ فوٹو: فائل

پاکستان کے شاہی خاندان کے اراکین کے لیے بین الاقوامی طورپر محفوظ قراردیے گئے نایاب عقابوں کے43برآمدی پرمٹ جاری کرنے سے جی ایس پی پلس خطرے میں پڑگیا، نایاب عقابوں کے پرمٹ قدرتی وسائل کے تحفظ کے حوالے سے عالمی برادری سے کیے گئے وعدوں کی خلاف ورزی ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حکومت کی جانب سے 43 نایاب عقابوں کے پرمٹ جاری کرکے یورپی یونین کی انتہائی پرکشش مارکیٹ تک مفت رسائی کے لئے دی جانے والی سہولت جی ایس پی پلس کو داؤ پرلگا دیا گیا۔ قدرتی وسائل کے تحفظ کے بین الاقوامی وعدوں پر عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں ملک کواربوں یورومالیت کی جی ایس پی پلس سہولت خطرے میں پڑجائے گی کیونکہ یورپی یونین مانیٹرزکی جانب سے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کی عائد شرائط پر نظرثانی کی جاتی رہتی ہے۔

پاکستان کے جی ایس پی پلس اسٹیٹس پر نظرثانی آئندہ چند ہفتوں میں متوقع ہے۔ وزیراعظم نوازشریف نے نومبر میں یہ قیمتی عقاب برآمد کرنے کی منظوری دی تھی اوریہ پرمٹ وزارت خارجہ کے ڈپٹی پروٹوکول چیف معظم علی نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اوربحرین کے شاہی خاندان کے اراکین کے لئے جاری کیے تھے۔ 2 پرمٹ سعودی شہزادے اور تبوک کے گورنر شہزادہ فہد بن سلطان بن عبدالعزیزالسعود کے نام پرجاری ہوئے، ایک پرمٹ بحرین کے شاہ حماد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ اور ایک پرمٹ دبئی کے ولی عہد شہزادہ محمد بن رشیدالمکتوم کے نام پر جاری ہوا۔

گورنر تبوک کو 8عقاب کی برآمدکا ایک پرمٹ 8 نومبر کو دیاگیا مگرسعودی شہزادے کی جانب سے دوبارہ درخواست کیے جانے پر وزیراعظم نے 14 نومبر کو مزید 10عقاب برآمد کرنے کی اجازت دے دی۔ شہزادہ فہدبن سلطان اس سے پہلے بھی رواں برس اس وقت عالمی توجہ کامرکز بن گئے تھے جب ایک رپورٹ میںیہ سامنے آیاکہ انھوں نے بلوچستان کے ضلع چاغی میں عالمی سطح پر محفوظ قراردیے گئے 2100 ہوبارا بسٹرڈ (تلور) پرندوں کا شکارکیا۔

ان دونوں نسلوں کے عقابوں کو پکڑنا، تجارت اوربرآمد کرنا ملک کے تمام صوبائی جنگلی حیات کے قوانین کے تحت ممنوع ہے اور یہاں ایسی باضابطہ مارکیٹس بھی نہیں جہاں ان پرندوں کو فروخت کیاجاتا ہو۔ شاہی خاندانوں کے اراکین نے یہ عقاب یقیناً زیرزمیں بلیک مارکیٹ سے خریدے ہوں گے جس سے متعلق لوگ ان عقابوںکو غیرقانونی طورپر پکڑتے ہیں۔

ایک اچھاعقاب بآسانی ایک سے 10 کروڑ روپے کے درمیان فروخت ہوتا ہے۔ پاکستان نے بقاکے خطرے سے دوچارجنگلی حیات کے تحفظ اوران کی تجارت کی روک تھام سے متعلق عالمی معاہدوں جیسے سی آئی ٹی ای ایس اورسی ایم ایس پر دستخط کررکھے ہیں۔ اسی طرح ملک میں وفاقی سطح پربھی 2012میں ایک ایکٹ نافذ کیا گیاتھا جوان دونوں نسلوں کے عقابوں کی درآمد، برآمدغرض ہرقسم کی تجارت پرپابندی عائد کرتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں