لاہور کی اہم سڑکوں پر تحریک انصاف کے دھرنےمظاہرے اور جلاؤ گھیراؤ

مال روڈ، جی ٹی روڈ،ٹھوکر نیاز بیگ سمیت مختلف مقامات پر کارکنوں نے ٹائرجلا کر سڑکیں بلاک کیں


ویب ڈیسک December 15, 2014
ے شہر میں امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے 20 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا، پی ٹی آئی سوشل میڈیا

تحریک انصاف کی جانب سے انتخابی دھاندلی کے خلاف پلان سی کے تحت فیصل آباد اور کراچی کے بعد لاہور میں احتجاج کیا گیا جس میں پی ٹی آئی کے کارکنان نے شہر کے کئی مقامات پر سڑکیں بلاک کردیں جبکہ اس دوران مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے کارکنوں کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی۔


چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی کال پر صبح 7 بجے ہی کارکنوں نے لاہور کے اہم مقامات پر ٹائر نذر آتش کرکے دھرنا دینا شروع کردیا اور اہم شاہراہوں کو بلا ک کردیا، پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے گلبرگ ، مغل پورہ، جی ٹی روڈ ،مال روڈ،شالیمار روڈ، والٹن روڈ، راوئیونڈ اور ملتان روڈ، پی ایم جی، چوک یتیم خانہ، شاہدرہ موڑ، ٹھوکر نیاز بیگ پر دھرنا دیا گیا اور کارکنوں نے سڑکوں پر ٹائر نذر آتش کرتے ہوئے ٹریفک بلاک کردی جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔


پی ٹی آئی کے کارکنان جب دکانیں بند کرانے مزنگ چوک پہنچے تب (ن) لیگ کے کارکنان سے ان کا آمنا سامنا ہوگیا جبکہ بیڈرن روڈ پر تاجر اور پی ٹی آئی ورکرز کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی جسے پولیس نے موقع پر پہنچ کر ختم کرایا، چونگی امر سدھو کے مقام پر بھی پی ٹی آئی کارکنوں اور تاجروں کے درمیان دکانیں بند کرانے کے معاملے پر جھڑ پ ہوئی۔


تحریک انصاف کے کارکنوں نے احتجاج کے دوران میٹرو بس کے ٹریک پربھی جلاؤ گھیراؤ کیا اور بس پر پتھراؤ کرتے ہوئے سروس بند کرادی جب کہ شدید احتجاج کے باعث قلعہ گوجر سنگھ میں کوئین میری کالج اورانفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی میں آج ہونے والے پرچے ملتوی کر دیئے گئے اور احتجاج کے سبب سرکاری دفاتراوراسکولوں میں حاضری بھی معمول سے کم رہی۔


دوسری جانب صوبائی حکومت نے شہر میں امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے 20 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں