حکومت مذاکرات کے لئے سنجیدہ ہے تو تعاون کریں گے عمران خان

ملک کوتباہ کرنے کیلئے کسی بیرونی ایجنڈے کی ضرورت نہیں، حکمران خود ملک کی تباہی کا باعث بن رہے ہیں،سربراہ پی ٹی آئی


ویب ڈیسک December 15, 2014
جوڈیشل کمیشن بننے تک احتجاج جاری رہے گا اور 18 دسمبر کو طے شدہ شیڈول کے مطابق ملک بھر میں احتجاج ہوگا،عمران خان۔ فوٹو؛ ایکسپریس نیوز

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کو تباہ کرنے کے لئے کسی بیرونی ایجنڈے کی ضرورت نہیں موجودہ حکمران خود ملک کی تباہی کا باعث بن رہے ہیں تاہم اگر حکومت مذاکرات کے لئے سنجیدہ ہے تو اس سے تعاون کیا جائے گا۔


لاہور روانگی سے قبل میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ کبھی بھی احتجاج کے حق میں نہیں تھا، انتخابی دھاندلی کے خلاف انصاف لینے کے لئے چار مہینے انتظار کرتے رہے لیکن انصاف نہیں ملا، اگر حکومت سنجیدہ ہے تو اس سے تعاون کریں گے جب کہ اگر حکومت چاہے تو 48 گھنٹے میں مذاکرات ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پریشانی کا سامنا کرنے پر لاہور کے شہریوں سے معذرت کرتا ہوں اگر عوام آج قربانی نہیں دیں گے تو ان کے بچوں کو قربانی دینا پڑے گی، کراچی جیسی جگہ پر پرامن احتجاج ہوسکتا ہے جہاں بندوقوں کے بغیر شہر بند نہیں کرایا جاسکتا تو لاہور میں بھی پرامن احتجاج ہوگا تاہم اگر گلو بٹوں کے ذریعے پرامن احتجاج سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔


چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ جب حکومت خطرے سے باہر آتی ہے تو مذاکرات ختم کردیئے جاتے ہیں جب کہ ہماری جانب سے احتجاج حکومت پر دباؤ بڑھانے کے لئے ہے اور یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ اگر احتجاج ختم کردیا جائے تو حکومت مذاکرات سے پھر بھاگ جائے گی۔ عمران خان نے دو ٹوک انداز میں کہا کہ جوڈیشل کمیشن بننے تک احتجاج جاری رہے گا اور 18 دسمبر کو طے شدہ شیڈول کے مطابق ملک بھر میں احتجاج ہوگا تاہم لاہور احتجاج کے دوران گلو بٹوں کی جانب سے تحریک انصاف کے پرچم لے کر ہنگامی آرائی کرنے کا خدشہ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں