تحریک انصاف کےاحتجاج کےباعث 2 مریض راستےمیں دم توڑگئےمشیرصحت پنجاب کا دعویٰ

اگر ٹریفک جام میں پھنس کر کوئی انسانی جان ضائع ہوئی ہے تو معذرت خواہ ہیں،نائب چیرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی


ویب ڈیسک December 15, 2014
لاہور میں تحریک انصاف کے کارکن مبینہ انتخابی دھاندلیوں کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔ فوٹو: آئی این پی

وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے احتجاج کی وجہ سے ایمبولینسوں اور دیگر گاڑیوں کو راستہ نہ دیئے جانے پر 2 مریض دم توڑ گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے لاہور کے مختلف مقامات پر احتجاج کے دوران مریضوں کو بھی اسپتالوں تک رسائی نہ مل سکی ، شاہدرہ کا 15سال کا لڑکا ایمبولینس میں ہی دم توڑگیا۔ اس کے علاوہ سدرہ ریاض نامی 17 روز کی بچی بھی چلڈرن اسپتال لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئی۔

دوسری جانب ایکسپریس نیوز سے خصوصی بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی قیادت نے کارکنوں کو پرامن رہنے کا حکم دیا ہے، اس کے علاوہ کارکنوں کو ایمبولینسوں کو جگہ دینے کی بھی واضح ہدایت کی گئی تھی لیکن احتجاج کے دوران اگر کہیں ٹریفک جام ہوا اور اس میں پھنس کر کوئی انسانی جان ضائع ہوئی ہے تو وہ معذرت چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ مبینہ انتخابی دھاندلیوں کے خلاف عمران خان کے ''پلان سی'' کے تحت تحریک انصاف کے کارکن لاہور میں احتجاج کررہے ہیں جب کہ اس سے قبل پی ٹی آئی فیصل آباد اورکراچی میں بھی احتجاج کرچکی ہے جب کہ 18 دسمبر کو ملک بند کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں