دوسرا ون ڈے شرجیل نے کینین بولرز کے پسینے چھڑا دیے

شرجیل خان نے 138 کی طوفانی اننگز کھیلی ،بابر اعظم اور فواد عالم کی بھی نصف سنچریاں۔

لاہور: کینیا کیخلاف138رنز کی اننگز کھیلنے والے شرجیل خان کی وکٹ گنوانے کے بعد پویلین واپسی، میچ میں پاکستان اے نے فتح حاصل کی ۔ فوٹو : اے ایف پی

PESHAWAR:
پاکستان 'اے' نے کینیا کو دوسرے ون ڈے میں بھی155رنز سے قابو کرلیا، شرجیل خان نے پہلے میچ میں ناکامی کا غصہ نکالتے ہوئے مہمان بولرز کے پسینے چھڑا دیے، انھوں نے9 چھکوں کی مدد سے138 رنز کی طوفانی اننگز کھیلی، بابر اعظم 64 اور کپتان فواد عالم 52 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

تفصیلات کے مطابق قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ45 اوورز میں 4 وکٹ پر314کا مجموعہ سجایا، سمیع اسلم اور شرجیل خان نے77 رنز کا آغاز فراہم کرتے ہوئے فتح کی بنیاد رکھی، سمیع اسلم19 رنز بنانے کے بعد او لاؤچ کی گیند پر اوبانڈا کو کیچ دے بیٹھے، اگلی ہی بال پر فضل سبحان بغیر کھاتہ کھولے پویلین لوٹ گئے،انھیں بھی اولاؤچ نے آؤٹ کیا، اس موقع پر شرجیل نے کپتان فواد عالم کے ساتھ مل کر اسکور کو205 تک پہنچا دیا،اوپنر کی وکٹ اوٹینو کو ملی، انھوں نے120 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے9 چھکوں اور12 چوکوں کی مدد سے 138 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔ فواد نے5 چوکوں کی مدد سے 52 رنز بنائے، بابر اعظم64اور محمد رضوان 24 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔


مشکل ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے کینین ٹیم نے صرف159 پر ہی ہمت ہار دی ، اوبانڈا اور اوینو نے36 رنز بنا کر ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا لیکن49 کے مجموعی اسکور پراوبانڈا ، محمد طلحہٰ کی گیند پررضوان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے، دوسری وکٹ 59 کے اسکور پرگردیپ سنگھ کی صورت میں گری، انھیں شاہ زیب نے4 رنز پر ایل بی ڈبلیو کیا، اسی اسکور پر اوینو(14) کی صورت میں کینیا کو تیسرا نقصان اٹھانا پڑا، مہمان ٹیم ابھی سنبھل ہی نہ پائی تھی کہ85پر اوڈمبیو فواد عالم کی گیند پر پویلین لوٹ گئے، صرف ایک رن کے اضافہ سے کمانڈے نے بھی شاہ زیب کے سامنے ہتھیار ڈال دیے،88کے مجموعی اسکور پر ناگوچی کو بھی شاہ زیب نے اپنا تیسرا شکار بنایا، ساتویں وکٹ 107 پر گری جب اوما کچھ دیروکٹ پر رکنے کے بعد رضا حسن کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

انھوں نے 26 رنز بنائے122 پر اولنج11 رنز بنانے کے بعد محمد طلحہ کا شکار بنے،145پر عمران خان نے نگوچی کو آؤٹ کردیا، مہمان ٹیم کی آخری وکٹ41.3 اوورمیں159 پر گر گئی، آخری آؤٹ ہونے والے بیٹسمین اونٹینو نے39 رنز بنائے، شاہ زیب حسن نے 3جبکہ محمد طلحہ اور فواد عالم نے2،2 وکٹیں حاصل کیں، شرجیل خان کو مین آف دی میچ دیا گیا۔ سیریز کا تیسرا ایک روزہ میچ منگل کو قذافی اسٹیڈیم لاہورمیں ہی کھیلا جائے گا۔
Load Next Story