سرکلر ڈیٹ وزارت بجلی خود بھی 181 ارب کی نادہندہ نکلی

وزارت پانی وبجلی سے حکومتوں، اداروں سمیت تمام صارفین پر واجبات کی تفصیل طلب


Irshad Ansari December 16, 2014
وزیراعظم کو پیش کی جائیگی، دستاویز، توانائی کمیٹی وصولی طریقے کی منظوری دے گی۔ فوٹو: فائل

وفاقی حکومت نے سرکلر ڈیٹ کا مسئلہ حل کرنے کیلیے وزارت پانی و بجلی سے وفاق، صوبوں اور آزاد جموں و کشمیر سمیت نجی صارفین کے ذمے واجب الادا بجلی کے واجبات کی تفصیلات طلب کرلی ہیں جبکہ وزارت پانی و بجلی کے وفاق، صوبوں، اے جے کے سمیت دیگر صارفین سے قابل وصول واجبات 581 ارب روپے سے تجاوز کرگئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس میں مذکورہ واجبات کی ریکوری کے میکنزم کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے جس کے تحت ان واجبات کی ایٹ سورس کٹوتی کے لیے فیڈرل ایڈجسٹر کو متحرک و فعال بنانے یا اس کے اختیارات میں اضافے کے فیصلہ کا بھی امکان ہے۔ ''ایکسپریس''کو دستیاب دستاویز کے مطابق وزیراعظم نے وزارت پانی و بجلی کو ہدایت کی ہے کہ توانائی کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں بجلی کے بلوں کی مد میں واجبات کی تفصیلات پیش کی جائیں اور پریزنٹیشن دی جائے۔

ذرائع کے مطابق پریزنٹیشن تیار کر لی گئی ہے جبکہ وزارت پانی و بجلی کی جانب سے اکٹھے کیے جانے والے ڈیٹا کے مطابق وفاق، صوبوں، اے جے کے سمیت دیگر صارفین پر واجبات 581 ارب روپے سے تجاوز کرگئے ہیں، سب سے بڑے نادہندہ نجی صارفین ہیں جن کے ذمے 31 اکتوبر تک 398.86 ارب روپے کے واجبات ہیں جو 30 جون2014 کو واجب الادا 355.63ارب روپے سے 12 فیصد زیادہ ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کو بتایا جائے گا کہ رواں مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں واجبات13 فیصد بڑھ گئے۔

30 جون 2014 تک وفاق اور صوبوں سمیت دیگر صارفین پر 512.91 ارب روپے کے واجبات تھے جو اکتوبر2014 تک بڑھ کر581 ارب روپے سے تجاوز کرگئے۔ ذرائع کے مطابق جولائی سے اکتوبرکے دوران بجلی کے صارفین کو357.724 ارب روپے کے بل بھجوائے گئے اور 425.93ارب روپے کی ریکوری ہوئی جو16 فیصد کم ہیں۔

ذرائع کے مطابق 31 اکتوبر2014 تک وفاق اور اس کے ماتحت اداروں کے ذمے بجلی کے واجبات8.755 ارب، حکومت سندھ اور ماتحت اداروں کے ذمے 63.29 ارب روپے، خیبرپختونخوا اوراداروں کے ذمے 20.723 ارب، بلوچستان اورصوبائی اداروں کے ذمے 7.334ارب اور پنجاب اور اداروں پر4.845 ارب جبکہ حکومت آزاد جموں و کشمیر کے ذمے 44.185 ارب روپے کے واجبات ہیں۔

ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کے ماتحت ڈپارٹمنٹس کے ذمے1.31 ارب روپے ، مقامی حکومتوں کے ذمے 2.495 ارب ،خود مختار اداروں کے ذمے 1.692 ارب ، ڈیفنس 1.627 ارب روپے جبکہ 1.81 ارب روپے خود وزارت پانی و بجلی کے ذمے واجب الادا ہیں، اس کے علاوہ وفاق کے زیر انتظام فاٹا کے ذمے 39.355 ارب روپے اور کراچی الیکٹرک (کے الیکٹرک) نے بھی28 ارب روپے ادا کرنا ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں