پشاور میں دہشت گردوں کے حملے میں 132 بچوں سمیت 141 افراد شہید ہوئے آئی ایس پی آر

کوئیک رسپانس فورس کی کارروائی میں اسکول پر حملہ کرنے والے ساتوں دہشت گرد مارے گئے، ڈی جی آئی ایس پی آر


ویب ڈیسک December 16, 2014
دہشت گردوں نے جس بے دردی سے بچوں کو شہید کیا وہ کسی طرح بھی انسان کہلانے کے مستحق نہیں، ترجمان پاک فوج، فوٹو: پی پی آئی

آئی ایس پی آر کے مطابق ورسک روڈ پر واقع پاک فوج کے زیرانتظام اسکول پر دہشت گردوں کے حملے میں 132 بچوں سمیت 141 افراد شہید اور 120 سے زائد زخمی ہوئے جبکہ سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں ساتوں دہشت گرد بھی مارے گئے۔


پشاور میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل عاصم باجوہ نے بتایا کہ ورسک روڈ پر واقع آرمی اسکول پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 132 بچوں سمیت 9 اسٹاف ممبر بھی شہید ہوئے، دہشت گرد پچھلے راستے سے اسکول میں داخل ہوئے اور آڈیٹوریم میں موجود بچوں کے اجتماع پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے بعد کوئیک رسپانس فورس 10 سے 15 منٹ کے دوران وہاں پہنچی اور دہشت گردوں کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی جس میں حملہ کرنے والے ساتوں دہشت گرد مارے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ اسکول میں کل 1100 کے قریب بچے اور اسٹاف ممبر رجسٹرڈ ہیں جن میں سے 960 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا جب کہ حملے میں 121 بچوں سمیت3 اسٹاف ممبرز زخمی ہیں، حملے میں ایس ایس جی کے 7 جوان اور 2 افسران بھی زخمی ہوئے جبکہ دونوں افسران کی حالت تشویشناک ہے۔

میجر جنرل عاصم باجوہ کا کہنا تھا کہا آج کا دن قومی المیے اور تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، دہشت گرد انسان، پاکستان اور اسلام دشمن ہیں، انہوں نے جس بے دردی سے بچوں کو شہید کیا وہ کسی بھی طرح انسان کہلانے کے مستحق نہیں۔

دوسری جانب کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے مرکزی ترجمان محمد عمر خراسانی نے برطانوی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے واقعہ کی ذمہ داری قبول کی اور کہا کہ یہ کارروائی شمالی وزیرستان میں جاری فوجی آپریشن ضربِ عضب اور خیبر ایجنسی میں جاری آپریشن خیبر ون کا جواب ہے۔

اس اندوہناک سانحہ پر وزیر اعظم نواز شریف نے 3 روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے جب کہ خیبرپختونخوا اور پنجاب حکومت نے بھی دہشت گردوں کے اس مکروہ فعل کی مذمت کرتے ہوئے صوبے بھر ميں 3 روزہ سوگ كا اعلان کیا ہے۔ دسری جانب وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری، تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان، ایم کیو ایم کے قائدالطاف حسین، مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت، عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری اور جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق سمیت ملک کی دیگر سیاسی، سماجی اور مذہبی جماعتوں نے واقعے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے شہدا کے لواحقین سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں