وزیراعظم نواز شریف کا سانحہ پشاور پر 3 روزہ قومی سوگ کا اعلان

سوگ کے دوران اہم سرکاری، نیم سرکاری اور خود مختار قومی اداروں کی عمارات پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔


ویب ڈیسک December 16, 2014
پشاور میں پاک فوج کے زیر انتظام اسکول پر دہشت گردوں کے حملے میں 123 بچوں سمیت 126 افراد جام شہادت نوش کرچکے ہیں فوٹو: پی پی آئی

وزیر اعظم نواز شریف نے سانحہ پشاور پر قومی سطح پر 3 روزہ سوگ كا اعلان كیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے سانحہ پشاور پر قومی سطح پر 3 روزہ سوگ كا اعلان كیا ہے اس کے علاوہ خیبرپختونخوا اور پنجاب حکومت نے بھی صوبائی سطح پر 3 روزہ سوگ كا اعلان كیا ہے۔ سوگ کے دوران اہم سرکاری، نیم سرکاری اور خود مختار قومی اداروں کی عمارات پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے بھی سانحے پر 3 روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے اور اس دوران خیبر پختونخوا، سندھ، پنجاب، بلوچستان، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر سمیت ایم کیوایم کے ملک بھر میں موجود ذونوں ، ضلعی دفاتر ، سیکٹرز اور یونٹس پر تنظیمی سر گرمیاں معطل رکھی جائیں گی جب کہ ایم کیوا یم کے مرکز نائن زیروسمیت ملک بھر میں ایم کیوایم کے دفاتر پر سیاہ پرچم لہرائے جائیں گے۔

دوسری جانب وزیر اعظم نواز شریف ، ایم کیو ایم کے قائدالطاف حسین،وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ، وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف، پیپلز پارٹی کے شریک چیرمین آصف زرداری، تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان،، عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان، مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت، عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری اور جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق سمیت ملک کی دیگر سیاسی، سماجی اور مذہبی جماعتوں نے واقعے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے شہدا کے لواحقین سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

واضح رہے کہ پشاور کے ورسک روڈ پر واقع پاک فوج کے زیر انتظام اسکول پر دہشت گردوں کے حملے میں 132 بچوں سمیت 141 افراد نے جام شہادت نوش کیا جبکہ اس اندوہناک واقعے میں 120 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں