عالمی رہنماؤں کا پشاور سانحے پر دکھ اور افسوس کا اظہار

امریکی اور فرانسیسی صدر سمیت بھارتی وزیراعظم نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں سے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا


ویب ڈیسک December 16, 2014
پوری دنیا پشاور اسکول حملے پر دل شکستہ اور افسردہ ہے، اقوام متحدہ کے خصوصی سفیر برائے تعلیم گورڈن براؤن، فوٹو:پی پی آئی

KARACHI: عالمی رہنماؤں نے پشاور میں دہشت گردوں کی سفاکانہ کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے غمزدہ خاندانوں سے دکھ اورافسوس کا اظہارکیا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے پشاور میں اسکول میں دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے سفاکانہ اور بزدلانہ کارروائی قراردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ظالمانہ اقدام کے لیے دہشت گردوں کی کوئی بھی وجہ قابل قبول نہیں اور نہ ہی کوئی بہانہ اس مکروہ دہشت گردی کےلیے جواز بنایا جاسکتا ہے۔

امریکی صدر براک اوباما نے پشاور میں اسکول پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے شرمناک فعل قرار دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں نے بچوں کو نشانہ بنا کر ایک بار پھر اپنی سفاکی کا ثبوت دیا ۔ ان کا کہنا تھا امریکا دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف حکومت پاکستان کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا تاکہ خطے میں امن اور استحکام قائم کیا جاسکے۔

فرانس کے صدرفرینکوئس ہالینڈ نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسکول پر حملہ دہشت گردوں کی جانب سے انتہائی بزدلانہ کارروائی ہے اوربچوں کے خلاف اس سفاکانہ عمل کی مذمت کے لیے صرف الفاظ کافی نہیں ہیں، فرانس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بھرپور مدد کررہا ہے اور اس واقعے میں جاں بحق ہونے والوں سے بھی اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے سماجی ویب سائٹ پر اپنے تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ پشاور کے اسکول میں ہونے والی دہشت گردی ناقابل بیان اور بہیمانہ بربریت کی عکاسی کرتا ہے جس میں بے گناہ انسانوں کو قتل کیا گیا اور وہ اس سانحہ میں جاں بحق ہونے والے ان تمام لوگوں کے لواحقین کے ساتھ ہیں جنہوں نے اس واقعے میں اپنے پیاروں کو گنوایا۔

جرمنی کے وزیر خارجہ فرینک والٹر نے بھی دہشت گردی کی کارروائی کو بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں نے بچوں پر حملہ کر کے انسانیت پرظلم کی تمام حدوں کو پار کر دیا ہے، جرمنی اس حملے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کے غم میں برابر کا شریک ہے اورزخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگوہیں۔ اقوام متحدہ کے خصوصی سفیر برائے تعلیم گورڈن براؤن نے پشاور سانحے پر اپنے مذمتی بیان میں کہا ہےکہ پوری دنیا پشاور اسکول حملے پر دل شکستہ اور افسردہ ہے۔

واضح رہے کہ پشاور کے ورسک روڈ پر واقع پاک فوج کے زیر انتظام اسکول پر دہشت گردوں کے حملے میں 132 بچوں سمیت 141 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 120 سے زائد زخمی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں