یہ وقت حکومت جانے کے نعرے لگانے کا نہیں بلکہ دہشتگردی کے خلاف ایک ہونے کا ہے الطاف حسین

اقوام متحدہ ، امریکا سمیت یورپی یونین پاکستان کی مدد کریں ورنہ یہ آگ ان کے گھرتک بھی پہنچ جائے گی، قائد ایم کیوایم

کئی سالوں سے کراچی میں طالبانائزیشن سے آگاہ کررہا ہوں لیکن میری بات پر دھیان دینے کے بجائے میرا مزاق آڑایا گیا، الطاف حسین، فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ یہ وقت حکومت جاؤ، جاؤ کے نعرے لگانے کانہیں بلکہ مل کر دہشت گردی کے خلاف ایک ہونے کا ہے۔

لندن سے جاری بیان میں الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ملک میں عوام کے جان و مال کو کوئی تحفظ نہیں ہے، اس وقت ملک کو قومی اتحاد کی ضرورت ہے ،وزیراعظم تمام جماعتوں کو بلائیں اوردہشت گردی کے خاتمہ کیلئے مشترکہ لائحہ عمل بنایاجائے اورجو جماعتیں دہشت گردو ں کوشہید اور وطن کی سلامتی کیلئے جنگ میں شہیدہونے والے مسلح افواج کے افسروں اورجوانوں کوہلاک کہیں ان کابائیکاٹ کیاجائے ۔


الطاف حسین نے کہاکہ یہ قوم پر آزمائش کاوقت ہے اس موقع پر ہمیں ایک دوسرے کی مخالفت کرنایا حکومت کے مستعفی ہونے کا کہنا مناسب نہیں،اگرہم اپنے مطالبات کیلئے 100دن دھرنے دے سکتے ہیں توملک کودہشت گردی سے نجات دلانے کیلئے بھی دس دن دھرنادیناچاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کئی سالوں سے کراچی میں طالبانائزیشن سے آگاہ کررہا ہوں لیکن میری بات پر دھیان دینے کے بجائے میرا مزاق آڑایا گیا اور آج صورتحال یہ ہے کہ دہشت گردوں کی کارروائیوں سے ملک کاکوئی بھی شہرمحفوظ نہیں۔

قائد ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ پاکستان طالبان کے خلاف لڑرہا ہے اقوام متحدہ ، امریکا، برطانیہ،یورپی یونین پاکستان کی مدد کریں ورنہ یہ آگ آپ کے گھرتک بھی پہنچ جائے گی۔
Load Next Story