سانحہ پشاور پر ملک بھر کی فضا سوگوار ہر آنکھ اشکبار

ملک کے بیشتر شہروں میں کاروباری سرگرمیاں معطل رہیں جبکہ وکلا برادری کی جانب سے عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ کیا گیا


ویب ڈیسک December 17, 2014
گزشتہ روز پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر دہشت گردوں کے حملے میں 132 بچوں سمیت 141 افراد شہید ہوگئے تھے۔ فوٹو: فائل

پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر دہشت گردوں کے حملے میں 132 بچوں سمیت 141 افراد کی شہادت پر ملک بھر کی فضا سوگوار رہی۔

پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر دہشت گردوں کے حملے میں 132 بچوں سمیت 141 افراد کی شہادت پر ملک بھر کی فضا سوگوار رہی۔ نماز فجر کے دوران شہدا کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی، اس کے علاوہ دیگر مذاہب کے ماننے والوں کی جانب سے بھی خصوصی دعائیہ تقاریب کا انعقاد کیا گیا، اہم سرکاری، نیم سرکاری اور خودمختار قومی و صوبائی اداروں کی عمارات پر قومی پرچم سرنگوں رہا۔ پشاور سمیت ملک کے بیشتر چھوٹے بڑے شہروں میں تاجر برادری نے قوم کے جگر گوشوں کے بچھڑ جانے پر کاروباری سرگرمیاں بند رکھی جبکہ پاکستان بار کونسل کی اپیل پر ملک بھر میں وکلا برادری نے بھی احتجاج کیا جس کی وجہ سے ماتحت اور اعلیٰ عدلیہ میں تمام امور معطل رہے۔

دہشت گردوں کی بربریت پر خیبر پختونخوا کا ہر گھر نوحہ کناں رہا اور صوبے بھر کے تمام سرکاری، نیم سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند رہے جبکہ پشاور میں تمام کاروباری اور تجارتی سرگرمیاں مکمل طور پر بند رہیں، شہر کی چاروں سرکاری یونیورسٹیاں 3 دن کے لئے بند کردی گئی ہیں اس کے علاوہ قبائلی علاقوں میں بھی تمام تعلیمی ادارے 3 دن تک بند رہیں گے۔ سندھ میں مشنری اسکولز کے علاوہ تمام تعلیمی ادارے کھلے رہے لیکن وہاں شہدا کے لئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا تاہم جامعہ کراچی میں ہونے والے تمام پرچے ملتوی کردیئے گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں