دہشتگردی سے نمٹنے کے لئے سیاسی رہنماؤں کی وزیراعظم کو تجاویز

عمران خان کی کاؤنٹرٹیررازم کمیٹی بنانے کی تجویز،سری لنکا دہشتگردوں کیخلاف اقدامات کرسکتا ہے تو ہم کیوں نہیں،مشاہدحسین


ویب ڈیسک December 17, 2014
قومی مفاد میں عمران خان اور نواز شریف کو ایک ہی ٹیبل پر بیٹھ کر آگے بڑھنا چاہیئے،اسفند یار ولی۔ فوٹو؛ پی آئی ڈی

گورنر ہاؤس پشاور میں جاری پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس کے دوران سیاسی قائدین نے وزیراعظم کو دہشتگردی کے خلاف ٹھوس پالیسی بنانے کی تجویز دی ہے۔


چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے دہشتگردی سے نمٹنے کے لئے کاؤنٹر ٹیررازم ایکسپرٹ کمیٹی بنانے کی تجویز دی جبکہ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں پر مشتمل مستقل بنیاد پر امن کمیٹی بھی قائم کی جائے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا اس موقع پر کہنا تھا کہ سال 2015 کو امن کا سال قرار دیا جائے اور اس حوالے سے تمام سیاسی رہنماؤں کو اعتماد میں لیا جائے۔ اجلاس کے دوران سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ اگر سری لنکا دہشتگردی کے خلاف اقدامات کرسکتا ہے تو ہم بھی کرسکتے ہیں اور اگر وہاں امن ہوسکتا ہے تو یہاں کیوں نہیں ہوسکتا۔


دوسری جانب عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی نے عمران خان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھنا ہوگا اور قومی مفاد میں عمران خان اور نواز شریف کو ایک ہی ٹیبل پر بیٹھ کر آگے بڑھنا چاہیئے۔ اس موقع پر وزیراعلی خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف دل و دماغ کی جنگ ہے اور اس کے لئے مقامی لوگوں کو بھی اعتماد میں لیا جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں