چوتھے ون ڈے میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ہرا دیا

300 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی ٹیم 8 وکٹوں کے نقصان پر 292 رنز بنا سکی


ویب ڈیسک December 17, 2014
یونس خان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری مکمل کی لیکن ان کے 103 رنز بھی ٹیم کو فتح نہ دلا سکے۔ فوٹو: اے ایف پی

چوتھے ون ڈے میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 7 رنز سے شکست دے کر 5 ایک روزہ میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر کردی۔

ابوظہبی کے شیخ زید انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 299 رنز بنائے، اوپنرز مارٹن گپٹل اور ڈین براؤن لائی نے 81 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا تاہم پھر براؤن لائی 42 رنز بنا کر کپتان شاہد آفریدی کا شکار بنے، مارٹن گپٹل نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور 58 رنز بنانے کے بعد 125 کے مجموعے پر سہیل تنویر کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ 188 کے مجموعی اسکور پر اس وقت گری جب روس ٹیلر 26 رنز بنا کر محمد عرفان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ کورے اینڈرسن 23 رنز بنا کر پویلین لوٹے، نیوزی لینڈ کی جانب سے کپتان کین ولیمسن نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا جس کے باعث کیوی ٹیم 299 رنز بنانے میں کامیاب رہی اور ولیمسن 105 گیندوں میں 123 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اننگز کی آخری گیند پر بولڈ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے محمد عرفان نے 2 وکٹیں حاصل کی جبکہ سہیل تنویر، انور علی اور شاہد آفریدی ایک، ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔

پاکستان نے 300 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز کیا تو ایک بار پھر اس کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور پوری ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 292 رنز بنا سکی، اوپنر احمد شہزاد 3 رنز کے مجموعے پر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے جس کے بعد ناصر جمشید اور یونس خان نے ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن ناصر جمشید زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکے اور 30 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے، یونس خان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری مکمل کی لیکن ان کے 103 رنز بھی ٹیم کو فتح نہ دلا سکے جبکہ کپتان شاہد آفریدی نے اپنے مخصوص انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 49 رنز بنائے۔

دیگر کھلاڑیوں میں محمد حفیظ 3، حارث سہیل 13، عمر اکمل 29 اور سرفراز احمد 18 رنز بنا سکے جبکہ سہیل تنویر 11 اور انور علی 20 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ نیوزی لینڈ کے ڈینئل ویٹوری نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ میٹ ہنری، ایڈم ملن، مچل میک کلینگھن اور کورے اینڈرسن ایک، ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ بہترین بلے بازی پر کین ولیمسن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل اسٹیڈیم میں بھی سانحہ پشاور کا غم نمایاں دکھائی دیا اور نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے مصباح الحق سے سانحہ پشاور پر اظہار افسوس کیا جب کہ میچ شروع ہونے سے قبل 2 منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی جس دوران احمد شہزاد سمیت کئی کھلاڑی آبدیدہ ہوگئے۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق چوتھا ون ڈے سانحہ پشاور کے شہدا کے لئے کھیلا گیا جس سے حاصل ہونے والی رقم شہدا کے ورثا کو دی جائے گی اور رقم کا ایک خطیر حصہ بچوں کے اسکول کی تعمیر پر خرچ کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں