سعودی سفیر نے سیلاب زدگان میں گھروں کی چا بیاں تقسیم کیں

ڈیرہ غازیخان میں بنائے گئے گھروںکامعا ئنہ،متاثرین غذائی قلت کاشکار


News Agencies/Numainda Express October 02, 2012
بیشترعلاقوں میں پانی نہ اتر سکا، مکانا ت گر نے لگے،جیکب آباد کوئٹہ شاہر اہ بدستور بند. فوٹو: فائل

QUETTA: پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر ڈاکٹر عبدالعزیز ابراہیم صالح الغدیر نے ڈیرہ غازیخان میں سیلاب زدگان کے لیے سعودی حکومت کی طرف سے بنائے گئے مکانات کا معائنہ کیا۔

سعودی سفارتخانہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق سعودی سفیر نے محمد پور بستی میں تعمیر کیے گئے گھروں کی چابیاں سیلاب متاثرین کے حوا لے کیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر عبدالعزیز ابراہیم صالح الغدیر نے کہاکہ سعودی حکومت نے سیلاب متاثرین کے لیے 5000گھروں کی تعمیر کا منصوبہ شروع کر رکھا ہے جس میں صحت کے مراکز، مساجد، اسکول، ٹیوب ویل اور پانی کی فراہمی شامل ہے ۔ ادھر سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے سیلاب سے متاثرہ بیشتر علاقوں میں تین ہفتے بعد بھی پانی نہیں اتر سکا، کئی کئی فٹ پانی میں گھرے مکانات گرنا شروع ہوگئے ہیں۔

،کوہ سلیمان اور ڈیرہ بگٹی کے پہاڑی سلسلوں سے آنے والے سیلابی ریلوں کے پانی نے نصیرآباد اور جعفرآباد کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے۔ جیکب آباد،کشمور،کندھ کوٹ اورشکار پورکے جن علاقوں سے پانی اتر گیا ہے وہاں کیچڑ، گندگی سے تعفن اٹھ رہا ہے۔ جیکب آباد کوئٹہ قومی شاہراہ پر پانی کے باعث بلوچستان کا زمینی راستہ بحال نہیں ہوسکا۔ اوستہ محمد اور صحبت پور میں متاثرین غذائی قلت کاشکارہیں۔

این ڈی ایم اے نے بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوںمیں10ہزارخیمے اور راشن کے53ہزار 467 تھیلے بھجوا دیے ہیں۔ فیڈرل فلڈکمیشن کا کہنا ہے کہ سندھ،راوی اور چناب سمیت تمام دریا معمول کے مطابق بہہ رہے،تربیلا چشمہ اور منگلا کے آبی ذخائرمیں پانی کا مجموعی ذخیرہ ایک کروڑ11لاکھ 88 ہزارایکڑ فٹ ہوگیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں