حکومت اورتحریک انصاف کے نمائندے ایک بار پھر مذاکراتی میز پرآج آمنے سامنے ہوں گے

جہانگیرترین کی رہائش گاہ پرہونیوالے مذاکرات میں پی ٹی آئی کی جانب سےشاہ محمود اور اسدعمرشامل ہوں گے،ترجمان تحریک انصاف

مذاکرات میں انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل اور انتخابی اصلاحات سے متعلق بات چیت کی جائے گی، فوٹو:فائل

حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان ایک بار پھر مذاکرات آج سے ہوں گے جس میں دونوں مذاکراتی ٹیمیں گزشتہ مذاکراتی عمل میں طے ہونے والے نکات سے بات چیت کا آغاز کریں گی۔

ایکسپریس نیوز کےمطابق تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں دونوں رہنماؤں کی جانب سے باضابطہ مذاکرات کے لئے آج ملاقات کا فیصلہ کیا گیا۔ ترجمان تحریک انصاف شیریں مزاری کےمطابق حکومتی ٹیم سے مذاکرات شام 4 بجے جہانگیر ترین کی رہائش گاہ پر ہوں گے جس میں تحریک انصاف کی جانب سے شاہ محمود قریشی اور اسد عمر جب کہ حکومت کمیٹی میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر احسن اقبال شریک ہوں گے۔


دونوں فریقین کے درمیان مذاکرات کا آغاز گزشتہ مذاکراتی ادوار میں طے پانے والے نکات سے ہوگا جب کہ تحریک انصاف اور حکومتی ٹیم کے درمیان مذاکرات میں انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل اور انتخابی اصلاحات سے متعلق بات چیت کی جائے گی۔

واضح رہے کہ عمران خان نےاسلام آباد کے ڈی چوک پر 126 روز سے جاری دھرنا ختم کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف سے انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کے لئے فوری مذاکرات اور جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا تھا جس کو یقینی بنانے کے لیے کل مذاکراتی کمیٹیاں بات چیت کا آغاز کریں گی۔
Load Next Story