دہشت گردوں کے خلاف آخری حد تک جائیں گے وزیراعظم نوازشریف

آپریشن ضرب عضب میں فوج کو ملنےوالی کامیابیاں حوصلہ افزا ہیں اورآخری دہشت گردکےخاتمے تک آپریشن جاری رہے گا،وزیراعظم


ویب ڈیسک December 19, 2014
وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت پاک فوج کے ہیڈکوارٹر جی ایچ کیو میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت پاک فوج کے ہیڈکوارٹر جی ایچ کیو میں ہونے والے اعلی سطح کے اجلاس میں دہشت گردوں کے خلاف موثر کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں سوا 4 گھنٹے تک اعلی سطح کا اجلاس جاری رہا جس میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار، وزیرخزانہ اسحاق ڈار، آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت اعلی عسکری حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اخترنے ملکی داخلی و خارجی سیکیورٹی سمیت ملک سے دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کے لئے موثر حکمت عملی سے متعلق بریفنگ دی۔


اجلاس کے دوران وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ تمام دہشت گردوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے گی اور دہشت گردوں کے خلاف آخری حد تک جائیں گے، آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج کو ملنے والی کامیابیاں حوصلہ افزا ہیں اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا۔


واضح رہے کہ ایک روز قبل وزیراعظم نوازشریف نے سزائے موت پرعائد پابندی اٹھانے کی منظوری دی تھی جس کے بعد گزشتہ روز آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے سزائے موت کے منتظر6 مجرموں کے ڈیتھ وارنٹ پر دستخط کردیئے ہیں جنہیں ایک دو روز میں منطقی انجام تک پہنچا دیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔