خیبرایجنسی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 48 دہشتگرد مارے گئے

فورسزنےوادی تیراہ،سپرکوٹ،ورماگئی اورعالم گودرکےعلاقوں میں دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کی جس میں 3 اہلکاربھی زخمی ہوئے۔


ویب ڈیسک December 19, 2014
فورسزنےوادی تیراہ،سپرکوٹ،ورماگئی اورعالم گودرکےعلاقوں میں دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کی جس میں 3 اہلکاربھی زخمی ہوگئے۔ فوٹو؛آئی ایس پی آر/فائل

سیکیورٹی فورسز کی خیبرایجنسی کے مختلف علاقوں میں کارروائی کے دوران 48 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔


پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے وادی تیراہ میں پاک افغان سرحد پر دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر حملہ کیا جب کہ ورماگئی اور سپرکوٹ کے مقام پر سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان جھڑپ کے نتیجے میں 32 دہشتگرد ہلاک ہوگئے جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں 3 سیکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشتگرد اپنے ساتھیوں کی لاشیں چھوڑ کر فرار ہوگئے۔


دوسری جانب تحصیل جمرود میں دہشتگردوں نے اسکاؤٹس کی چیک پوسٹ پر حملہ کردیا جس کا بھرپور جواب دیتے ہوئے فورسز نے 12 دہشتگردوں کو ٹھکانے لگا دیا۔تحصیل باڑہ کے علاقے عالم گودر میں بھی فورسزاوردہشتگردوں کے درمیان جھڑپ ہوئی جس کے دوران 4 دہشتگرد مارے گئے جن کی لاشیں شناخت کے لئے جمرود لیویز سینٹر منتقل کردی گئی ہیں۔


واضح رہے کہ سانحہ پشاور کے بعد سیکیورٹی فورسز کی جانب سے دہشتگردوں کے خلاف کارروائی میں مزید شدت آگئی ہے جب کہ گزشتہ روز خیبرایجنسی میں زمینی اور فضائی کارروائی کے دوران 27 دہشتگرد ہلاک ہوگئے تھے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔