واہگہ بارڈر پر پرچم کشائی کی تقریب کے بعد خودکش دھماکا کرنے والے اصل ملزم کی شناخت ہوگئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق واہگہ بارڈر پر پرچم کشائی کی تقریب کے بعد خودکش دھماکا کرنے والے مرکزی ملزم کی شناخت ہوگئی جس کا تعلق باجوڑ ایجنسی کی تحصیل ماموند سے ہے۔ پولیس کے مطابق خود کش بمبار حنیف اللہ باجوڑ سے واہگہ آیا جہاں اس نے اپنے جسم سے بارودی مواد باندھ کر خود کش دھماکا کردیا جس میں 59 افراد جاں بحق ہوئے جب کہ ملزم کے رشتہ داروں کو حراست میں لے کر تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 3 نومبر کو واہگہ بارڈر پر پرچم کشائی کی تقریب کے بعد شرکا جونہی باہر نکلے تو خودکش حملہ آور نے خود کو بارودی مواد سے اڑا لیا تھا جس کے نتیجے میں 59 افراد جاں بحق اور 100 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔