کراچی میں پرتشدد واقعات میں عورت سمیت 5 افراد قتل

کورنگی کے علاقے چمڑا چورنگی کے قریب نالے سے45سالہ نامعلوم شخص کی تشدد زدہ لاش ملی ہے، پولیس


Staff Reporter December 20, 2014
نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے سرجانی ٹاؤن کے علاقے یارو گوٹھ میں 35 سالہ ارباز، ڈاکس کے علاقے مچھر کالونی شیر محمد ولیج بنگالی پاڑہ میں 30 سالہ سجاد حسین زخمی ہوگیا۔ فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں پر تشدد واقعات میں خاتون سمیت5افراد ہلاک جب کہ فائرنگ کے واقعات میں اسٹیٹ ایجنٹ سمیت متعدد زخمی ہو گئے۔

منگھو پیر کے علاقے اورنگی ٹاؤن خیر آباد امن چوک کے قریب20 سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی، ایس ایچ او منگھو پیر غلام حسین کورائی نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد گلا گھونٹ کر ہلاک کیا گیا تھا ، مقتول حلیے سے ملنگ لگتا ہے۔ کورنگی انڈسٹریل ایریا کے علاقے چمڑا چورنگی کے قریب نالے سے45سالہ نامعلوم شخص کی تشدد زدہ لاش ملی، ایس ایچ او کورنگی انڈسٹریل ایریا انسپکٹر آفتاب رند نے بتایا کہ مقتول کے پیٹ میں سریا لگا ہے جس سے اس کی موت واقع ہوئی۔

ملیر کینٹ کے علاقے گلشن رومی میں رومی اپارٹمنٹ کے قریب سے40سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی، پولیس کے مطابق مقتول کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد سر پر ڈنڈے کے وار کر کے ہلاک کیا گیا۔ سائٹ بی تھانے کی حدود گلبائی ٹائیگر کانٹا کے قریب نالے سے25 سے30سالہ نامعلوم عورت کی لاش ملی، ایس ایچ او سائٹ بی انسپکٹر مقبول نے بتایا کہ لاش7/8دن پرانی ہے جو پانی میں پڑے رہنے سے گل سڑ گئی اور ناقابل شناخت ہوگئی ہے، مقتولہ گہری خاکی رنگ کا شلوار قمیض اور ایک پیر میں جراب پہنے ہوئے تھی، لیڈی ایم ایل او نے پوسٹ مارٹم کے بعد اپنی رپورٹ میں تحریر کیا ہے کہ مقتولہ کو گلے میں رسی کا پھندا لگا کر قتل کیا گیا ہے۔

نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے کلاکوٹ کے علاقے ریکسر لائن بلوچ ہال کے قریب30سالہ محمد فراز بلوچ زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کے لیے سول اسپتال پہنچایا گیا جہاں زخمی نے ایکسپریس کو بتایا کہ اسے گینگ وار کے ملزم صادق گڈانی اور اس کے ساتھیوں نے اغوا کرنے کی کوشش کی مزاحمت اور شور شرابہ کرنے پر ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔

عزیز آباد نمبر 2 تھانے کے عقب میں واقع حسین اسٹیٹ ایجنسی میں گھس کر 2 نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کردی جس سے اسٹیٹ ایجنٹ25سالہ عدنان سر میں گولی لگنے سے زخمی ہو گیا، ایس ایچ او عزیز آباد انسپکٹر عاصم الرحمن نے بتایا کہ واردات کے وقت اسٹیٹ ایجنسی میں 10 افراد موجود تھے تاہم ملزمان نے عدنان کو ٹارگٹ کر کے فائرنگ کی اور فرار ہو گئے۔ نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے سرجانی ٹاؤن کے علاقے یارو گوٹھ میں 35 سالہ ارباز، ڈاکس کے علاقے مچھر کالونی شیر محمد ولیج بنگالی پاڑہ میں 30 سالہ سجاد حسین زخمی ہوگیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔