بھارت میں موبائل فون کی بیٹری میں دھماکے سے ایک شخص جان سے ہاتھ دھو بیٹھا

راجول نامی شخص دوران چارنگ موبائل فون پر گفتگو کررہا تھا کہ بیٹری دھماکے سے پھٹ گئی

شدید الیکترک شاک کی وجہ سے مرنے والے شخص کے نظام تنفس نے کام کرنا چھوڑ دیا تھا، ڈاکٹر، فوٹو فائل

بعض اوقات ٹیکنالوجی کا ذرا سا غلط استعمال انسان کو موت کے منہ میں دھکیل دیتا ہے اور کچھ ایسا بھارتی ریاست راجستھان میں ہوا جہاں ایک شخص اس وقت جان کی بازی ہار گیا جب فون کو چارجنگ کے دوران استعمال کررہا تھا کہ اچانک اس کی بیٹری زور دار دھماکے سے پھٹ گئی۔


بھارتی میڈیا کے مطابق راجستھان کے علاقے بنڈی میں راجول گرجار نامی چارجنگ پر لگے موبائل فون پر گفتگو کررہا تھا کہ اس کی کال کے دوران ہی موبائل کی بیٹری زور دار دھماکے سے پھٹ گئی جس کے نتیجے میں اس کا ہاتھ اور سینہ بری طرح جھلس گئے اور وہ اسپتال میں دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ ڈاکٹر کا کہنا ہے راجول کی موت کی ایک وجہ اس کے سینے اور ہاتھوں کا بری طرح جھلسنا ہے جبکہ شدید الیکٹرک شاک کی وجہ سے اس کے نظام تنفس نے بھی کام کرنا چھوڑ دیا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال امریکی ریاست فلوریڈا میں بھی اس شخص چارنگ کے دوران موبائل فون پر گفتگو کرتے وقت اس کی بیٹری پھٹنے سے ہلاک ہوگیا تھا جبکہ ٹیکنالوجی ماہرین نے بھی چارجنگ کے دوران موبائل فون کا استعمال انتہائی خطرناک اور جان لیوا قرار دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق چارجنگ کے دوران بیٹری جو کرنٹ ریسیو کرتی ہے وہ کبھی کبھار اس میں نصب کورڈ سے زیادہ ہوجاتا ہے جو دھماکے کا باعث بنتا ہے۔
Load Next Story