ورلڈ کپ کے بعد ریٹائرمنٹ پرکوئی فیصلہ نہیں کیا یونس

میگا ایونٹ میں میانداد کی طرح بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے پاکستان کو ٹائٹل جتوانا چاہتا ہوں،کرکٹر


Sports Desk December 23, 2014
سانحہ پشاور پر شدید دکھ محسوس کرتا ہوں، جلد سامان لے کر پشاور جائیں گے، تجربہ کار بیٹسمین فوٹو: فائل

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کے بعد ریٹائرمنٹ لینے کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا، سانحہ پشاورمیں شہید ہونے والے بچوں کا شدید دکھ محسوس کرتا ہوں، نیوزی لینڈ کے کرکٹرز کی طرف سے دیا گیا سامان جلد پشاور لیکرجائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یونس خان نے کہاکہ ورلڈکپ کا کوئی اضافی دباؤ نہیں، میگا ایونٹ میں میں ویسی ہی کارکردگی دکھانا چاہتا ہوں جو جاوید میانداد نے 1992میں دکھاتے ہوئے پاکستان کو عالمی چیمپئن بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا، میری خواہش ہے کہ پاکستان ایک بار پھر ٹرافی اٹھانے میں کامیاب ہو اور اس میں بطور بیٹسمین میں بھی ٹیم کیلیے کلیدی کردارادا کروں،شاہد آفریدی کی طرح ورلڈکپ کے بعد ریٹائرمنٹ کے سوال پر انھوں نے کہا کہ اس حوالے سے ابھی تک کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

تاہم جب تک ہوں پاکستان اور ٹیم کیلیے ایک مفیدکھلاڑی کے طور پر پہچان برقرار رکھنا چاہتاہوں۔ یونس خان نے سانحہ پشاور پرانتہائی دکھ کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ اس المناک واقعے کی یادیں ذہن میں اب بھی پہلے روز کی طرٖح تازہ ہیں، انھوں نے بتایا کہ نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں نے آرمی پبلک اسکول کے بچوں کیلیے سامان دیا تھا جس کوجلد ہی پشاورپہنچائیں گے، شہدا کے ورثا سے تعزیت کیلیے بھی جاؤں گا، نیوزی لینڈ کیخلاف چوتھا ون ڈے ملتوی نہ کرنے کے سوال پرسابق کپتان کا کہنا تھا کہ اس معاملے میں غلطی ہوئی، تاہم ان باتوں کے کریدنے کا وقت نہیںجو کچھ ہوا اسے بھول کرآگے کی طرف دیکھنا چاہیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں