عمران خان کی ریلی کو جنوبی وزیرستان میں خطرہ ہے ایڈیشنل چیف سیکریٹری فاٹا
پشاور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکریٹری فاٹا نے کہا کہ انہوں نے جنوبی وزیرستان کی پولیٹیکل انتظامیہ سے عمران خان کے دورے سے متعلق رپورٹ مانگی تھی جس پر انہوں نے بتایا ہے کہ موجودہ حالات میں عمران خان کی ریلی کا جنوبی وزیرستان آنا ٹھیک نہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے وفاقی حکومت کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکریٹری نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں عمران خان کے ساتھ امن مارچ میں شریک افراد کو سیکیورٹی فراہم کرنا مشکل ہے۔
دوسری جانب تحريک انصاف نے جنوبی وزيرستان كی پوليٹيكل انتظاميہ كی جانب سے ظاہر کئے گئے سیکیورٹی خطرات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن مارچ ہر حال ميں ہو گا۔
تحريک انصاف كے ترجمان كے مطابق ملک بھر كے عوام ، ملکی ذرائع ابلاغ اور دوسرے ممالک سے آئے ہوئے ميڈيا اور انسانی حقوق كی تنظيموں كے نمائندے تحريک انصاف كےساتھ جنوبی وزيرستان امن مارچ میں شریک ہونے کے لئے تیار ہیں۔
انھوں نے كہا كہ طالبان نے بھی امن مارچ پر حملہ نہ كرنے كی يقين دہانی كرائی ہے جبكہ جنوبی وزيرستان كے محسود قبائل نے امن مارچ كو سيكورٹی فراہم كرنے كی پيشكش كی ہے۔