امن اور سماجی سرگرمیوں کیلیے ’’آئی ایم کراچی‘‘ اتحاد قائم

شہر میں دنیا کا پہلاسوشل ویلفیئر کنسورشیم قائم کیا گیا ہے جس میں ان مسائل پر بات چیت کی جائے گی۔۔۔، شرمین عبید چنائے

اتحاد ’’میں کراچی ہوں‘‘ کے حوالے سے جمیل یوسف پریس کانفرنس کررہے ہیں، غازی صلاح الدین، امان اللہ، رومانہ حسین اور ندا بٹ موجود ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

شرمین عبید چنائے ،غازی صلاح الدین، جمیل یوسف، رومانہ حسین، سعد امان اللہ، امین ہاشوانی نے کہا ہے کہ کراچی میں امن کے قیام اور شہر کی کھوئی ہوئی رونقیں بحال کرنے کے لیے سول سوسائٹی کی تنظیموں اور معروف وممتاز شہریوں کا اتحاد ''کنسورشیم'' قائم کردیا گیا ہے جسے ''میں کراچی ہوں'' کا نام دیا گیا ہے۔

اتحاد میں سول سوسائٹی کی 20 سے زائد تنظیموں کے علاوہ مختلف شعبوں سے وابستہ 15 ممتازشہری شامل ہیں، اتحاد کا مقصد مشترکہ کوششوں کے تحت صحت مندسرگرمیوں کانفرنسز، تھیٹر، میوزک اوردیگر سماجی سرگرمیوں کے ذریعے شہریوں کو امن دلانا اور شہر کی رونقیں بحال کرنا ہے، اس بات کا اعلان بدھ کو''میں کراچی'' کے تحت منعقدہ پریس کانفرنس کے موقع پر کیاگیا، پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ کراچی میں بزنس کنسورشیم کی طرز پر دنیا کا پہلا سوشل ویلفیئر کنسورشیم قائم کیا گیا ہے۔


اتحاد میں شامل ادارے اپنی اپنی سطح پر پہلے ہی سے سماجی ترقی کے لیے کام کررہے ہیں اب ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم لوگوں میں موجود توانائی کومثبت انداز میں استعمال کریں ہم کراچی کے تحت ان مسائل پر بات چیت کی جائے گی جس پر عام طور پر معاشرے میں بات نہیں کی جاتی یہ اتحاد، اقلیتوں کے حقوق، فرقہ واریت، اسلحہ اورمنشیات جیسے مسائل پربات کرے گا۔

اس مہم کے تحت کراچی کے شہریوں کو ان کی شہری و معاشرتی ذمے داریوں کا احساس دلانے کی کوشش کی جائے گی شہرکے مختلف طبقات کے مابین مسائل کے حل کے لیے بات چیت کا پلیٹ فارم فراہم کیا جائے گا تاکہ وہ ایک دوسرے کو سمجھ سکیں اور قبول کریں شہر میں ہونے والے اسٹریٹ کرائم، قتل، لوٹ مار، ڈکیتی اور جرائم کی دیگر وارداتوں میں نوجوان طبقہ ملوث ہورہا ہے اس لیے ایہ اتحاد مختلف علاقوں کے نوجوان طبقے کو اس لعنت سے دور رکھنے کے لیے عملی اقدامات کرتے ہوئے اپنے پروگرام میں انھیں شامل کرے گا انھیں مثبت سرگرمیوں میں مصروف کرے گا، کراچی کے بہتر مستقبل اور مستقل قیام امن کے لیے کراچی کے شہری اپنے مذہب، فرقے، پس منظر، لسانی اور سیاسی وابستگی سے بے نیاز ہوکر''آئی ایم کراچی'' کا حصہ بنیں۔
Load Next Story