ملک کوترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئےکسی قربانی سےدریغ نہیں کریں گے شہباز شریف

پوری قوم کو متحد ہو کر دہشت گردی کا مقابلہ کرناہے، وزیراعلیٰ پنجاب


ویب ڈیسک December 25, 2014
قائد اعظم نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک علیحدہ اور منفرد ملک کا تحفہ دیا، شہباز شریف فوٹو: فائل

KARACHI: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کو ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتیں گے۔

قائداعظم کے 138 ویں یوم ولادت کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیزقیادت میں تاریخی جدوجہد کے نتیجہ میں ہمیں ایک آزاد ملک پاکستان نصیب ہوا جہاں ہم آزاد قوم کی حیثیت سے آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ ان کی قیادت میں ہمیں ایک الگ وطن تو ملا لیکن بدقسمتی سے ہم آج بھی منزل سے بہت دور ہیں۔ آج وطن عزیزدہشت گردی اور انتہاءپسندی جیسے سنگین مسائل سے دوچارہے۔ دہشت گردی کی آگ نے ملک کو لپیٹ میں لے رکھاہے لیکن اب ملک کو دہشت گردی سے مکمل طو رپر پاک کرنے کا وقت آگیا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پوری قوم کو متحد ہو کر دہشت گردی کا مقابلہ کرنا اور دہشت گردوں کو شکست دیناہے۔ پاک افواج اور سکیورٹی ادارے دہشت گردوں سے برسرپیکار ہیں ۔انشاءاﷲ ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ ضرور جیتیں گے۔ بین الاقوامی برادری میں باعزت مقام حاصل کرنے کے لئے ہمیں قائد اعظم کے افکار کی روشنی میں آگے بڑھناہوگا اوریہی واحد راستہ ہے جو ملک کو تمام بحرانوں سے نکال کر ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کر سکتا ہے۔ ملک کو ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ کرپشن ، غربت، بیروزگاری ، لوڈ شیڈنگ دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لا کر ملک کو قائد اعظم کا پاکستان بنا کر دم لیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں