دہشت گردی اور انتہاء پسندی کا عفریت ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا سکتا ہے الطاف حسین

قائد اعظم کے پیغام اور اصولوں پرعمل کرکے ہم پاکستان کو تمام مسائل سے نکال سکتے ہیں، قائد ایم کیو ایم


ویب ڈیسک December 25, 2014
باہمی احترام کے عمل سے انسانوں میں ربط، اتحاد اور یگانگت جنم لیتی ہے، الطاف حسین فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے اعتدال پسند اور روشن خیال اسلامی فلاحی ریاست کے تصور کو عملی طور پر فروغ دیاجائے ورنہ دہشت گردی اور انتہاء پسندی کا عفریت ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا سکتا ہے۔

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پراپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بابائے قوم ایسا پاکستان چاہتے تھے جس میں مذہبی اقلیتوں کو بھی جان و مال کا تحفظ اور عبادت کرنے کی آزادی حاصل ہو لیکن آج ان کے نظریے کے مطابق بنائی گئی فلاحی اسلامی ریاست دہشت گردی اور انتہاء پسندی کی لپیٹ میں ہے کیونکہ بحیثیت قوم ہم قائد اعظم کے فرمودات اور نظریات پر سنجیدگی سے عمل پیرانہیں۔ ملک چاہے کیسے ہی حالات ، دہشت گردی اور مسائل کا شکار کیوں نہ ہوں ہم بحیثیت قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے پیغام اخوت ، اتحاد اور یکجہتی کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہوکر پاکستان کو دہشت گردی کے عفریت سمیت تمام مسائل سے نکال سکتے ہیں۔

کرسمس کے موقع پرمسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے دنیا کو امن و آشتی ، پیار و محبت اور احترام انسانیت کا درس دیا ہے اور آج دنیا بھر میں ان کے اسی پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے ۔ مسیحی عوام کے لئے کرسمس خوشی کا پیغام ہے لیکن دیگر مذاہب کے ماننے والوں کو بھی اس کا احترام کرنا چاہیے کیونکہ احترام کے اس عمل سے انسانوں میں باہمی ربط ، اتحاد و یگانگت جنم لیتی ہے۔ مسیحی عوام سے اپیل ہے کہ وہ اس موقع پر اپنی عبادات میں سانحہ پشاور کے شہداء کے بلند درجات اور ملک سے دہشت گردی و انتہا پسندی کے خاتمے کےلئے خصوصی دعائیں کریں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں