دہشتگردوں کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے صدر ممنون حسین

مٹھی بھر دہشتگردوں نے عوام کو یرغمال بنائے رکھا ہے تاہم خوشحال اور پرامن پاکستان ہماری منزل ہے،صدر مملکت


ویب ڈیسک December 25, 2014
دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور وہ بلاتفریق کر فرد کو نشانہ بناتے ہیں،صدر ممنون۔ فوٹو؛آن لائن/فائل

صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہوجائے تاہم حکومت کوئی ایسا فیصلہ نہیں کرے گی جس سے قوم کو نقصان پہنچے۔


زیارت ریزیڈنسی میں پرچم کشائی کی تقریب کے بعد خطاب کرتے ہوئے صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بلوچستان کے عوام نے بھی بے پناہ قربانیاں دی ہیں، وقت آگیا ہے کہ قوم مشترکہ دہشتگردوں کے خلاف اپنی فورسز کے ساتھ کھڑی ہوجائے اور اگر قوم قائداعظم کے نظریات پر عمل کرتی رہے تو کامیابی مقدر ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ عمارتیں بن جاتی ہیں لیکن دلوں کے زخم مندمل ہونے میں زمانے لگتے ہیں، دہشتگردوں نے زیارت ریزیڈنسی کو تباہ کرنے کی کوشش کی لیکن صوبائی حکومت نے ایک مرتبہ پھر اسے اصلی حالت میں بحال کردیا ہے۔


اس سے قبل کوئٹہ میں ہولی روزی چرچ میں کرسمس تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ کرسمس کی تقریب میں شرکت اعزاز کی بات ہے، پاکستان کے عوام امن و سلامتی پر یقین رکھتے ہیں جب کہ مٹھی بھر دہشتگردوں نے عوام کا جینا دوبھر کر رکھا ہے تاہم پوری قوم مل کر ان کا مقابلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور وہ بلاتفریق لوگوں کو نشانہ بناتے ہیں، پشاور اور کوٹ رادھا کشن میں مسیحی برادری کو نشانہ بنایا جانا افسوسناک ہے تاہم حکومت اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائے گی۔


صدر ممنون حسین نے کہا کہ پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر دہشتگردوں کا حملہ اتنا ہی درد ناک ہے جتنا پشاور چرچ پر حملہ لیکن حکومت دہشتگردوں کو بھرپور جواب دے گی کیوں کہ خوشحال اور پرامن پاکستان ہماری منزل ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں