سانحہ پشاور کا سہولت کار خیبرایجنسی میں کارروائی کے دوران مارا گیا 6 ساتھی گرفتار
صدام پولیو ٹیموں، طورخم چیک پوسٹ، سوات اسکاؤٹس اور قبائلی رہنماؤں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا،پولیٹیکل ایجنٹ
خیبرایجنسی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران آرمی پبلک اسکول پر حملے کا سہولت کار صدام ہلاک ہوگیا جب کہ ملزم کے 6 ساتھیوں کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔
خیبرایجنسی کے پولیٹیکل ایجنٹ شہاب علی شاہ نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خیبرایجنسی کے علاقے جمرود میں کارروائی کی گئی جس کے نتیجے میں کالعدم تحریک طالبان کے گیدڑ گروپ کا آپریشنل کمانڈر مارا گیا جب کہ کارروائی کے دوران اس کے 6 ساتھیوں کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے جن سے اہم انکشافات کا امکان ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دہشتگرد صدام نے پشاور میں آرمی پبلک اسکول پر حملے میں سہولت کار کا کردار ادا کیا تھا جب کہ وہ خطرناک اور مطلوب دہشتگرد تھا جو پولیو ٹیموں پر حملے، طورخم چیک پوسٹ، سوات اسکاؤٹس پر حملوں، اسکولوں کو اڑانے اور قبائلی رہنماؤں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھا۔
واضح رہے کہ 16 دسمبر کو دہشتگردوں کی جانب سے پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر حملہ کیا گیا تھا جس میں 132 بچوں سمیت 144 افراد شہید ہوگئے تھے۔