شہروں میں بھی دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی جائے گی وزیراعظم

وزیراعظم نے قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لئےکمیٹی تشکیل دے دی جس کی وہ خود نگرانی کریں گے


ویب ڈیسک December 26, 2014
قبائلی علاقوں میں آپریشن ضرب عضب میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں فیصلہ کن ہیں، وزیراعظم۔ فوٹو :فائل

وزیراعظم نواز شریف نے قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لئے کمیٹی قائم کرتے ہوئے اٹارنی جنرل کو ہدایت کی ہے کہ قومی ایکشن پلان پرعملدرآمد یقینی بنایا جائے اور اس حوالے سے ضروری آئینی ترامیم پر فوری طور پر کام شروع کیا جائے۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی زیرصدارت قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لئے اعلی سطح کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوا جس میں وفاقی وزرا، قانونی مشیروں کے علاوہ اٹارنی جنرل نے بھی شرکت ہی۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ مشن ہے اور اس مشن میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کردار اہمیت کا حامل ہے اس لئے صوبائی حکومتوں کو بھی کردارادا کرنا ہوگا، اس حوالے سے تمام صوبوں میں خود جاکر ایکشن پلان پرعملدرآمد میں پیش رفت کا جائزہ لوں گا اور ملک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک سانحہ پشاور کو سامنے رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن گئی ہے، قبائلی علاقوں میں آپریشن ضرب عضب میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں فیصلہ کن ہیں اور اسی طرح شہروں اور گلیوں میں بھی دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائیاں کی جائیں گی۔


وزیراعظم نواز شریف نے اٹارنی جنرل کو ہدایت کی کہ قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لئے فوری طور پر آئینی ترامیم پر مشاورت اور فیصلوں کو جلد حتمی شکل دینے کے لئے کام شروع کیا جائے اور خصوصی عدالتوں کے قیام پر تمام جماعتوں سے فوری رابطہ کیا جائے۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لئے کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے جس کی وہ خود نگرانی کریں گے جب کہ کمیٹی میں چوہدری نثار، خواجہ آصف، پرویز رشید، احسن اقبال اور سرتاج عزیز شامل ہیں۔


واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے 24 دسمبر کو سیاسی رہنماؤں اور عسکری قیادت کی مشاورت کے بعد قومی ایکشن پلان کا اعلان کیا تھا جس پر تمام سیاسی جماعتوں نے اعتماد کا اظہار کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |