رینجرز اور پولیس کی کارروائیوں میں 36ملزم گرفتار

رینجرز نے خفیہ اطلاع پر کورنگی میں کارروائی کرتےہو ئے5 ملزمان کو حراست میں لے لیا جن میں سے3کا تعلق کلعدم تنظیم سےہے۔


Staff Reporter December 27, 2014
رینجرز نے انٹیلی جنس رپورٹ پر لیاقت آباد سندھی ہوٹل کے قریب ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے 4ملزمان کو حراست میں لیکر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ فوٹو: فائل

رینجرز اور پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپے ، ٹارگٹڈ کارروائیوں اور پولیس مقابلوں کے دوران 36 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ اور دستی اور بال برآمد کر لیے، کلا کوٹ میں آپریشن کے دوران لیاری میں گینگ وار کے ملزمان نے رینجرز پر فائرنگ کی اور آوان گولے داغے۔

تفصیلات کے مطابق رینجرز نے خفیہ اطلاع پر کورنگی کے2 مختلف مقامات پر کارروائی کرتے ہو ئے 5 ملزمان محمد فہیم ، امتیاز ، عرفان عرف چاند ، مشتاق اور شعیب کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا ، ذرائع نے بتایا کہ گرفتار کیے جانے والے 3 ملزمان کا تعلق کالعدم مذہبی تنظیم جبکہ 2 کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے، رینجرز نے کورنگی صنعتی ایریا کے علاقے میں ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے3 ملزمان کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا ، ذرائع کے مطابق ملزمان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے ، رینجرز نے انٹیلی جینس رپورٹ پر لیاقت آباد سندھی ہوٹل کے قریب ٹارگٹڈ کارروائی کرتے ہوئے 4ملزمان کو حراست میں لیکر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ، رینجرز ترجمان کے مطابق حراست میں لیے جانے والے ملزمان کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے، ملزمان ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں میں ملوث ہیں،رینجرز نے گلستان جوہر بلاک 12 میں جرائم پیشہ عناصر کی موجودگی کی انٹیلی جنس رپورٹ پر جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب گلستان جو ہر بلاک 12میں سرچ آپریشن کیا ۔

آپریشن میں رینجرز کی بھاری نفری کے علاوہ لیڈی سرچر بھی شامل تھیں جبکہ سراغ رساں کتوں کی بھی مدد لی گئی تھی،ذرائع نے بتایا کہ رینجرز نے آپریشن کے دوران 5 افراد کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کیا گیا ہے ، رینجرز نے کلاکوٹ تھانے کی حدود لیاری افشانی گلی اور عیدو لائن میں جرائم پیشہ گینگ وار کارندوں کی موجودگی کی انٹیلی جنس رپورٹ پر جمعہ کی علی الصبح 6بجے ناکہ بندی کر لی اور سرچ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی کا عمل شروع کردیا اس دوران ایک مکان سے رینجرز پر فائرنگ شروع کردی گئی تاہم کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ، فائرنگ کے بعد رینجرز پر3اوان بم بھی داغے گئے ، 2 بم قبرستان کی دیوار کے ساتھ گر کر زور دار دھماکے سے پھٹ گئے جبکہ جبکہ ایک بم رینجرز کی گاڑی کے قریب گرا تاہم وہ پھٹ نہیں سکا، دھماکوں اور شدید فائرنگ کی آواز سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ، رینجرز نے4 مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے پولیس کے کلاکوٹ پولیس کے حوالے کر دیا ، رینجرز کی جانب سے 6گھنٹے تک سرچ آپریشن کا سلسلہ جاری رہا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔