ملائشیا کا ایک اور مسافر طیارہ لاپتہ عملے کے 6 ارکان سمیت 162 افراد سوار

خراب موسم اور اندھیرے کے باعث لاپتہ طیارے کی تلاش کا کام کل تک کے لئے روک دیا گیا ہے، انڈونیشیائی حکام

طیارے میں عملے کے 6 افراد سمیت 162 مسافر سوار ہیں۔ فوٹو؛ فائل

ملائشیا کا ایک اور طیارہ لا پتہ ہو گیا ہے جس میں عملے کے 6 ارکان سمیت 162 مسافر سوار ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ملائشیا کی نجی کمپنی ایئر ایشیا کی پرواز کیو زیڈ 8501 نے انڈونیشیا کے شہر سورابیا سے سنگاپور جانے کے لئے اڑان بھری لیکن ٹیک آف کے 42 منٹ بعد پرواز کا رابطہ کنٹرول ٹاور سے اچانک منقطع ہو گیا۔ انڈونیشی حکام کا کہنا ہے کہ پرواز کا رابطہ مقامی وقت کے مطابق صبح 7 بجےکلیمان تان اور جاوا جزیرے کے درمیان کنٹرول ٹاور سے منقطع ہوا، طیارے میں عملے کے 6 افراد سمیت 162 مسافر سوار ہیں۔ طیارے میں موجود 149 افراد کا تعلق انڈونیشیا، 3 کا کوریا، ایک کا برطانیہ اور ایک کا تعلق سنگاپور سے ہے۔ واقعے کے فوری بعد انڈونیشیا کے حکام نے ملائشیا کے تعون سے جزیرہ جاوا کے اطراف تلاش کا کام شروع کردیا تاہم شام کے وقت خراب موسم کی وجہ سے سرچ آپریشن کو آئندہ روز کے لئے ملتوی کردیا گیا۔


دوسری جانب روسی میڈیا کا کہنا ہے کہ ملائشین طیارے کا ملبہ بیلٹنگ جزیرے سے مل گیا ہے تاہم انڈونیشی یا ملائشین حکام نے اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ طیارہ لاپتہ ہونے کے معاملے کا بغور جائزہ لے رہے ہیں اور صورت حال کے حوالے سے امریکی صدر بارک اوباما کو بریفنگ بھی دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ رواں برس مارچ میں بھی ملائشیا کا طیارہ لاپتہ ہوا تھا جس کا تاحال پتہ نہیں چل سکا ہے جب کہ ملائشیا کے ہی ایک اور طیارے کو یوکرین میں تباہ کر دیا گیا تھا جس میں 150 سے زائد مسافر موجود تھے تاہم ابھی تک یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ طیارے کو یوکرین کے باغیوں نے تباہ کیا یا پھر امریکا کے اتحادیوں نے اسے میزائل مار کر گرایا۔
Load Next Story