انارکلی پلازہ میں آگ لگنے کے نتیجے میں خاتون سمیت 13 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ امدادی ٹیموں نے ڈھائی گھنٹے کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کے انارکلی پلازہ کی نچلی منزل میں شارٹ سرکٹ کے باعث اچانک آگ لگ گئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری منزل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، فائر بریگیڈ اور ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کرعمارت میں پھنسے متعدد افراد کو نکال لیا تاہم اس دوران 13 افراد جھلسنے اور دم گھنٹے کے باعث دم توڑ گئے۔
دوسری جانب ایم ایس میواسپتال ڈاکٹر امجد کا کہنا ہے کہ آتشزدگی سے متاثرہ 13 افراد کو اسپتال لایا گیا جن میں 12 افراد پہلے ہی دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئے تھے جن میں ایک خاتون بھی شامل ہے جب کہ مرنے والوں کی شناخت مظہر، سید شیراز، ولید، ثنا للہ، اکرام، چراغ، نعمان، اعظم، عتیق اور محمد اعظم کے نام سے ہوئی ہے جب کہ وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے آتشزدگی کا نوٹس لیتے ہوئے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔