سعید آباد گلستان جوہر 2بینکوں سے60لاکھ روپے لوٹ لیے گئے

تینوں سیکیورٹی گارڈز کو پوچھ گچھ کیلیے حراست میں لے لیا گیا


Staff Reporter October 03, 2012
گلستان جوہر میں شام4بجکر15منٹ پر ڈاکوئوں نے بینک پر دھاوا بولا،45لاکھ،46ہزار روپے لوٹ کر فرار ہوگئے، پولیس نے دونوں وارداتوں کی وڈیو ریکاڈنگ حاصل کرلی۔ فوٹو: فائل

شہر میں پولیس و رینجرز کے گشت اور اسنیپ چیکنگ کے باوجود ڈاکو دن دیہاڑے2 بینکوں کو لوٹ کر فرار ہوگئے۔

سعید آباد اور گلستان جوہر میں 2 نجی بینکوں سے ڈاکو60لاکھ روپے سے زائد نقدی لوٹ کر لے گئے، رواں سال بینک ڈکیتی کی16وارداتوں کے ملزمان کا پولیس سراغ لگانے میں ناکام رہی، تفصیلات کے مطابق سعید آباد کے علاقے مواچھ موڑ روبی سینما قریب واقع یو بی ایل کی برانچ میں دوپہر12بجکر20منٹ پر 7ڈاکو بینک پہنچے اور بینک کے باہر موجود پولیس اہلکار عابد کو سر پر پستول کا بٹ مار کر زخمی کردیا اور اسے بینک کے اندر لے گئے وہاں موجود2 سیکیورٹی گارڈز کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنا کر ان سے بھی اسلحہ چھین کر بینک کے عملے اور کھاتیداروں کو یرغمال بنا کر کیش کاؤنٹر سے18لاکھ،22ہزار650روپے لوٹ لیے۔

پولیس کے مطابق ڈاکو5منٹ میں واردات مکمل کرکے فرار ہوگئے جبکہ انھوں نے جاتے ہوئے پولیس اہلکار سے چھینی گئی ایس ایم جی کا میگزین نکال لیا اور رائفل بینک میں پھینک دی، پولیس کے مطابق ملزمان موٹر سائیکلوں پر سوار تھے جو کہ بینک میں لگے کیمروں کی ویڈیو ریکارڈنگ بھی چھوڑ گئے ہیں جسے بعدازاں موقع پر پہنچنے والی اسپیشل انویسٹی گیشن پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیا، پولیس کا کہنا ہے کہ ایس آئی یو نے بینک کے دونوں سیکیورٹی گارڈز کو پوچھ گچھ کیلیے حراست میں لے لیا۔

شاہراہ فیصل کے علاقے گلستان جوہر دارالصحت اسپتال کے قریب واقع بینک الحبیب گلستان جوہر برانچ میں منگل کی شام4بجکر15منٹ پر6مسلح ڈاکوؤں نے بینک کے باہر موجود سیکیورٹی گارڈ کو یرغمال بنا کر اندر داخل ہوئے اور وہاں پر موجود دیگر2سیکیورٹی گارڈز سمیت عملے اور صارفین کو یرغمال بناکر45لاکھ،46ہزار،280روپے نقد لوٹ کر فرار ہوگئے، ایس ایچ او بشیر خان نے بتایا کہ ڈاکو سیکیورٹی گارڈز سے چھینا گیا اسلحہ بینک میں ہی چھوڑ گئے، انھوں نے15منٹ میں واردات مکمل کی اور بینک کے باہر کھڑے ہوئے شہزور ٹرک میں بیٹھ کر فرار ہوگئے۔

انھوں نے بتایا کہ ڈاکو بینک میں بننے والی ویڈیو ریکارڈنگ بھی چھوڑ گئے جسے پولیس نے اپنے قبضے میں لے لیا ہے، اطلاع ملنے پر اسپیشل انویسٹی گیشن پولیس کے افسران موقع پر پہنچ گئے اور بینک منیجر سمیت دیگر عملے سے واردات کی تفصیلات معلوم کرنے کے بعد تینوں سیکیورٹی گارڈز کو پوچھ گچھ کیلیے حراست میں لے لیا، واضح رہے کہ سال 2012کے دوران بینک ڈکیتی کی16وارداتیں ہوئی جبکہ ماہ ستمبر میں بینک ڈکیتی کی3 وارداتیں ہوئی تھیں

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں