ورلڈکپ کے لئے حتمی قومی اسکواڈ پر سلیکٹرز کل تبادلہ خیال کریں گے

اسٹارز سے محروم پینٹنگولر کپ کے دوران پلیئرزکی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا

شائقین کی جانب سے کراچی میں شیڈول قومی ایونٹ میں عدم دلچسپی کا خدشہ فوٹو: فائل

قومی کرکٹ سلیکشن کمیٹی کا ابتدائی اجلاس بدھ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ہو رہا ہے،اس موقع پر ورلڈکپ کے حتمی اسکواڈ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔


پی سی بی نے لاہور اور دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے سلیکٹرز کو بھی شہرقائد بھیجنے کا فیصلہ کیا،اس کا مقصد پینٹنگولر کپ کے دوران کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینا بیان کیا گیا ہے، مگر حیران کن طور پر کئی اہم قومی کرکٹرز ایونٹ میں شرکت ہی نہیں کر رہے، یہ بات بھی واضح نہیں کہ اگر کسی نوجوان نے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تو کیا اسے منتخب کیا جائے گا؟ دوسری جانب کامران اکمل کی ممکنہ شمولیت پر بعض حلقوں کا اعتراض بھی سامنے آگیا، ان کا کہنا ہے کہ اس سے سرفراز احمد کے کھیل پر اثر پڑے گا، دباؤ سے نوجوان کھلاڑی کی کارکردگی متاثر ہوگی، دوسری جانب بعض سلیکٹرز کا خیال ہے کہ صحت مندانہ مقابلے سے سرفراز کو اپنی وکٹ کیپنگ بہتر بنانے کا موقع ملے گا، اس لیے کامران کو اسکواڈ میں بطور اوپنر ہونا چاہیے، ضرورت پڑنے پر وکٹوں کے عقب میں بھی خدمات لی جا سکیں گی۔

دریں اثنا سپراسٹارز کے بغیر کراچی میں پینٹنگولر کپ پھیکا پھیکا سا ثابت ہو گا، سیکیورٹی اور موسم کے مسائل کی وجہ سے بورڈ نے بادل نخواستہ ایونٹ کو ملتان سے یہاں منتقل کیا، اہم کرکٹرز کی عدم موجودگی میں شائقین کی جانب سے ایونٹ میں عدم دلچسپی کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، کچھ عرصے قبل ٹوئنٹی 20کپ اور حال ہی میں قائد اعظم ٹرافی فائنل کے دوران بھی عوام نے اسٹیڈیم جانے کو ترجیح نہ دی، ماضی میں بڑے کھلاڑیوں کی شرکت اور اچھی تشہیر کے سبب شہرقائد میں ٹی 20 سمیت کئی ایونٹس شائقین سے کھچا کھچ بھرے اسٹیڈیم میں ہو چکے ہیں، البتہ اس بار ایسا ہونا ممکن نہیں لگتا۔
Load Next Story