ذکی الرحمان لکھوی اغوا کے مقدمے میں جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے

پولیس 2 روز بعد ملزم کو عدالت میں دوبارہ پیش کرے اور بتائے کہ ظریف نامی شخص لاپتہ ہے یااغوا کیا گیا ہے، عدالت کا حکم

ذکی الرحمان لکھوی پر ممبئی حملہ کیس میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

وفاقی دارالحکومت کی ماتحت عدالت نے اغوا کے مقدمے میں ذکی الرحمان لکھوی کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے۔

اسلام آباد کی ایف 8 کچہری میں ملزم ذکی الرحمان لکھوی کو اغوا کے ایک مقدمے میں ڈیوٹی میجسٹریٹ ملک امان اللہ کے روبرو پیش کیا گیا۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے، عدالت کے اندر اور باہر پولیس کے علاوہ رینجرز کے اہلکاروں کو بھی تعینات کیا گیا تھا۔


ڈیوٹی میجسٹریٹ کے رو برو پولیس نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ جس پر ذکی الرحمان کے وکیل نے مخالفت کرتے ہوئے دلائل دیئے کہ 6 سال قبل کی درخواست پر اب مقدمہ قائم کیا جارہا ہے اور جس شخص کےاغوا کا مقدمہ درج کیا گیا وہ محمد ظریف نامی افغان باشندہ لاپتاہے اسے کسی نے اغوا نہیں کیا، دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے ذکی الرحمان لکھوی کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے ممبئی حملہ کیس میں ذکی الرحمان لکھوی کی ضمانت منظور کرلی تھی تاہم اس کے بعد انہیں 16 ایم پی او کے تحت نظر بند کردیا گیا تھا جسے اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسے معطل کردیا تھا۔
Load Next Story