کیویز پر فقرے بازی ہوٹل لابی میدان جنگ بن گئی

باڈی گارڈ نے انگلش شائقین کی دھنائی کردی، دو افراد کی گرفتاری و رہائی

باڈی گارڈ نے انگلش شائقین کی دھنائی کردی، دو افراد کی گرفتاری و رہائی فوٹو: اے ایف پی

کیویز پر فقرے بازی کے بعد ہوٹل لابی میدان جنگ بن گئی،ٹیم کے باڈی گارڈ نے انگلش شائقین کی دھنائی کردی۔

پولیس نے دو افرادکو گرفتار کرنے کے بعد چھوڑ دیا، ادھر ٹکٹ چور انگریز کی 10 لاکھ روپے کے عوض ضمانت منظور ہوگئی، 16 اکتوبر کو پھر عدالت میں پیش ہونا ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کی ٹیم پیر کو ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں سپر اوور میں شکست کے بعد جب ہوٹل پہنچی تو لابی میں موجود انگلش شائقین نے اس پر فقرے کسے، صورتحال اس وقت خراب ہوگئی جب اسکواڈکی حفاظت پر معمور ایک باڈی گارڈ نے انگلش شائقین پر مکوں کی بارش شروع کردی، نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کو بحفاظت کمروں تک پہنچا دیا گیا۔


جبکہ جھگڑے میں پیش پیش رہنے والے دو انگلش شائقین کو پولیس نے فوری طور پر حراست میں لے لیا تاہم رات گئے بغیر کسی چارجز کے رہا بھی کردیا گیا۔ سری لنکا کرکٹ بورڈ کے ذرائع نے تصدیق کی جھگڑے کے وقت نیوزی لینڈ کے کرکٹرز اور چند ٹیم آفیشلز موقع پر موجود تھے،کیویزکی جانب سے واقعے پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا،ایونٹ سے باہر ہونے کی وجہ سے کھلاڑیوں کا گذشتہ دن وطن واپسی کی تیاریوں میں گزرا۔ ادھر کولمبو میں سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان سپر ایٹ رائونڈ کے آخری میچ کی ٹکٹیں چرانے والے برطانوی شہری کیسیر بلیر کی 16 اکتوبر تک کی ضمانت منظور کرلی گئی، اسے گذشتہ روز کولمبو کی چیف مجسٹریٹ ریشمی سنگاپلی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

انھوں نے 54 سالہ بلیر کو 10 لاکھ روپے کی ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا۔ سری لنکا میں چوری کی سزا 3 سال قید اور جرمانہ ہے۔ ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں سیل پوائنٹ سے ٹکٹیں چرانے کا یہ اپنی نوعیت کا منفرد واقعہ ہے، پولیس نے عدالت کو بتایا کہ چرائی جانے والی ٹکٹوں کی مالیت 10920 روپے تھی۔
Load Next Story